نوجوان کھلاڑیوں کو دنیا کی بہترین سپورٹس اکیڈمیز میں تربیت دلائیں گے‘ ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انور،

نوجوانوں کو صلاحیتوں کے اظہار کیلئے سپورٹس بورڈ پنجاب نے پلیٹ فارم مہیا کردیا، نوجوانوں کا بھی فرض ہے کہ وہ رزلٹ دیں

جمعہ 23 جنوری 2015 21:53

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23جنوری۔2015ء) ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عثمان انور نے کہا ہے کہ نوجوان کھلاڑیوں کو دنیا کی بہترین سپورٹس اکیڈمیز میں تربیت دلائیں گے اور دنیا کے نامور کوچز سے پاکستان آکرکھلاڑیوں کو تربیت دیں گے،جتنا ٹیلنٹ ہمارے نوجوانوں میں ہے، دنیا کی کسی قوم کے نوجوانوں میں نہیں ہے، میں نے دنیا کی کئی قوموں کو قریب سے دیکھا ہے ہمارے نوجوانوں کے ٹیلنٹ کا دنیا کا کوئی نوجوان مقابلہ نہیں کرسکتا، ضرورت اس بات کی ہے کہ نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کیلئے پلیٹ فارم مہیا کیا جائے اور یہ پلیٹ فارم سپورٹس بورڈ پنجاب نے مہیا کردیا ہے، اب نوجوانوں کا بھی فرض ہے کہ وہ رزلٹ دیں اور پاکستان کا نام دنیا بھر میں بلند کریں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سپورٹس بورڈ پنجاب کے تعاون سے منعقد ہونیوالی خواتین کی پہلی قومی پینٹاتھلون چیمپئن شپ کی تقریب تقسیم انعامات سے مہمان خصوصی کے طور پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انور نے مزید کہا کہ جب میں طالب علم تھا تو مجھے سپورٹس کا بہت شوق تھا مگر کھیلنے کی کوئی خاص سہولت میسر نہیں تھی، اس وقت تہیہ کرلیا تھا کہ جب بھی موقع ملا نوجوانوں کو سپورٹس کی بھرپور سہولتیں اور پلیٹ فارم فراہم کروں گا اور اب مجھے فخر ہے کہ میں نے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھانے کیلئے سپورٹس بورڈ پنجاب نے پلیٹ فارم مہیا کردیا ہے، ہم اپنے کھلاڑیوں کو دنیا کی بہترین اکیڈمیز میں تربیت کے لئے بھیجیں گے اور دنیا کے نامور کوچز ہمارے کھلاڑیوں کو تربیت دیں گے جس سے ملک بھر میں سپورٹس فروغ پائے گا۔

ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انور نے کہا کہ پنجاب یوتھ فیسٹیول میں گراس روٹ لیول تک بچوں کو سپورٹس کی سہولتیں فراہم کی، پنجاب یوتھ فیسٹیول کو دنیا بھر میں سراہا گیا، کبڈی کے میدان میں بھی پاکستان کا نام روشن کیا ہے، یہ کامیابیاں انتھک محنت کا نتیجہ ہیں، انہوں نے کہاکہ پینٹاتھلوں گیمز کے فروغ کیلئے بھی سپورٹس بورڈ پنجاب تعاون کررہا ہے، خواتین کی پہلی قومی پینٹاتھلون چیمپئن شپ سپورٹس بورڈ پنجاب کے تعاون سے ہی منعقد ہوئی ہے،پینٹاتھلون گیمز کو نوجوانوں میں متعارف کرائیں گے اور اسے مزید فروغ دیں گے۔

پاکستان ماڈرن پینٹاتھلون فیڈریشن کے صدر ریاض فتیانہ نے کہا کہ پینٹاتھلون گیمز کو پاکستان میں متعارف کرایا ہے، ہم تعاون پر سپورٹس بورڈ پنجاب اور ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انور کے شکرگزار ہیں، انہوں نے کہا کہ میں خود سپورٹس بورڈ پنجاب کا چیئرمین رہا ہوں، میرے دور میں سپورٹس بورڈ پنجاب اتنا ایکٹو نہیں تھا جتنا اب ہے اس کا کریڈٹ ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انور کو جاتا ہے، ان کی کوششوں سے آج پنجاب پورے ملک میں سپورٹس کے حوالے سے اول نمبر پر ہے، عثمان انور نے سپورٹس کو بحال کیا، گینز ورلڈ ریکارڈ بنائے، کبڈی کے کھیل کو دورباہ زندہ کیا، یہ سب ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انور کی وجہ سے ہی ممکن ہوا ہے، فیڈریشن کی نائب صدر تنزیلہ عامر چیمہ اور چیئرپرسن وومن ونگ عابدہ عمر نے اپنے خطاب میں کہا کہ خواتین کی پہلی قومی پینٹاتھلون چیمپئن شپ کے انعقاد کیلئے ہمیں مسائل کا سامنا تھا مگر ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انور نے بھرپور تعاون کیا جس کی وجہ سے یہ سب ممکن ہوا، تنزیلہ عامر چیمہ نے کہاکہ میری بہت خواہش تھی کہ میں خود جاکر ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انور کو دیکھوں کیونکہ انہی کی کوششوں کی وجہ سے پنجاب میں سپورٹس بحال ہوئی ہے، انہوں نے کہا کہ پینٹاتھلون چیمپئن شپ کے انعقاد سے خواتین کا بہت ٹیلنٹ سامنے آیا ہے، جلد ہی خواتین کے دیگر ایونٹس بھی منعقد کرائے جائیں گے۔

تقریب کے اختتام پر ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عثمان انور نے چیمپئن شپ کی فاتح پنجاب کی ٹیم کو وننگ ٹرافی دی اور کھلاڑیوں کو میڈل پہنائے۔

وقت اشاعت : 23/01/2015 - 21:53:23

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :