ورلڈ کپ 2015ء ،ویوین رچرڈز نے اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں کے نام بتادیئے

بدھ 4 فروری 2015 15:14

ورلڈ کپ 2015ء ،ویوین رچرڈز نے اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں کے نام بتادیئے
سڈنی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار4۔فروری 2015ء ) کرکٹ کے عظیم ترین بلے بازوں میں شمار کیے جانیوالے سابق ویسٹ انڈین کپتان سر ویوین رچرڈز نے اپنے 10پسندیدہ کھلاڑیوں کا انکشاف کیا ہے ۔ سابق ویسٹ انڈین کپتان کے مطابق انکے یہ 10کھلاڑی ورلڈ کپ پر اثرانداز ہوں گے ،اس فہرست میں پاکستان کے 7فٹ 1انچ لمبے فاسٹ باؤلر محمد عر فان بھی شامل ہیں ۔ آئی سی سی کو دیئے گئے ایک انٹر ویو میں انہوں نے محمد عرفان کو 2فاسٹ باؤلر زمیں ایک چنا ہے ۔

ویوین رچرڈز کے مطابق آسٹریلیا کے باؤنسی وکٹوں پر عرفان دنیا کے صف اول کے بلے بازوں کو بھی تنگ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اوربائیں ہاتھ سے باؤلنگ کرنے کی وجہ سے بھی انہیں بے حد فائدہ ہوگا ۔ رچرڈ کی فہرست میں جنوبی افریقی کپتان اے بی ڈویلیئرز ، ویرات کوہلی ، کمار سنگاکارا ، برینڈن میکولم ،سٹیو سمتھ ، گلین میکسویل ، کرس گیل اور ڈیل سٹین شامل ہیں ۔

(جاری ہے)

سابق ویسٹ انڈین کپتان کے مطابق یہ کھلاڑی ورلڈ کپ پر اپنے نقوش چھوڑیں گے اور کنگ رچرڈ کی نگاہیں بھی ان کھلاڑیوں پر مرکوز ہوں گی ۔ یاد رہے کہ اپنے جارحانہ بلے بازی کے حوالے سے پہچانے جانے والے سر ویوین رچرڈز کو ورلڈ کپ1979ء میں انگلینڈ کے خلاف لارڈز میں کھیلے گئے فائنل مقابلے میں شاندار سنچری سکور کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا تھا ۔
ورلڈ کپ 2015ء ،ویوین رچرڈز نے اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں کے نام بتادیئے
وقت اشاعت : 04/02/2015 - 15:14:07