قومی ویمنز کرکٹ ٹیم نے تاریخ میں پہلی بار جنوبی افریقہ کو کلین سوئپ کر دیا
پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم نے جنوبی افریقہ کے خلاف تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں 6 رنز سے کامیابی حاصل کی
دانش احمد انصاری پیر 4 ستمبر 2023 23:17
کراچی ( اُردو پوائنٹ،اخبار تازہ ترین ۔ 04 ستمبر 2023ء) قومی ویمنز کرکٹ ٹیم نے تاریخ میں پہلی بار جنوبی افریقہ کو کلین سوئپ کر دیا۔ پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم نے جنوبی افریقہ کے خلاف تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں 6 رنز سے کامیابی حاصل کی۔ پاکستانی خواتین کرکٹ ٹیم نے آخری ٹی 20 میچ بھی اپنے نام کرتے ہوئے سیریز تین صفر سے جیت لی، پاکستان نے پہلی بار ٹی20 سیریز میں جنوبی افریقہ کو کلین سوئپ کیا ہے۔ تیسرے میچ میں پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد 6 رنزسے جنوبی افریقہ کو شکست دی، جنوبی افریقی کھلاڑی لاورا ولوارٹ نے 72 رنز کی اننگز کھیلی مگر اپنی ٹیم کو کامیابی نہ دلواسکیں۔ پاکستان کی جانب سے نشرہ سندھو اور سعدیہ اقبال نے چار اوورز کا کوٹا پورا کرتے ہوئے بالترتیب 16 اور 25 رنز دے کر 2،2 وکٹوں کا بٹوارہ کیا۔
(جاری ہے)
واضح رہے کہ پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم نے جنوبی افریقہ ویمن کو تیسرا اور آخری ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ جیتنے کیلئے 151 رنز کا ہدف دیا تھا۔
پیر کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جارہے سیریز کے تیسرے اور آخری میچ میں پاکستانی ویمن ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 150 رنز بنائے،سدرہ امین اور بسمہ معروف نے 39،39رنز بنائے جبکہ نداڈار 20 گیندوں پر 5 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 36 رنز بناکر آئوٹ ہوئیں،جنوبی افریقہ کی بائولرٹمی سیکھوکھونے نے 2 جبکہ نونکولیلیکوملابا، نادین ڈی کلرک اورنوندومینسوشنگھاسی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
یہ عجیب اتفاق ہے کہ جنوبی افریقہ کی ٹیم نے پہلے اور دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان ویمن کو فتح کیلئے 150 رنز کا ہدف دیا تھا، اسی طرح تیسرے میچ میں پاکستانی ٹیم نے جنوبی افریقہ کو فتح کیلئے 151رنز کا ہدف دیا۔