آئی سی سی رینکنگ میں پاکستان کی نمبر 1 پوزیشن خطرے میں پڑ گئی
جنوبی افریقا کیخلاف سیریز کے پہلے ایک روزہ میچ میں آسٹریلیا کی فتح کے بعد قومی ٹیم کیلئے بھارت کیخلاف میچ میں فتح حاصل کرنا لازمی ہو گیا
محمد علی جمعہ 8 ستمبر 2023 23:54
کولمبو (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 8 ستمبر 2023ء ) آئی سی سی رینکنگ میں پاکستان کی نمبر 1 پوزیشن خطرے میں پڑ گئی، جنوبی افریقا کیخلاف سیریز کے پہلے ایک روزہ میچ میں آسٹریلیا کی فتح کے بعد قومی ٹیم کیلئے بھارت کیخلاف میچ میں فتح حاصل کرنا لازمی ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ ماہ آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں نمبر 1 پوزیشن حاصل کرنے والی پاکستانی ٹیم کیلئے اب اپنی نمبر 1 پوزیشن محفوظ رکھنا بڑا چیلنج بن گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ آئی سی سی رینکنگ میں دوسرے نمبر پر موجود آسٹریلیا اور پاکستان کے درمیان پوائنٹس کا فرق کم ہو گیا ہے۔ آسٹریلیا نے جنوبی افریقہ کیخلاف 5 ایک روزہ میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں فتح حاصل کر کے اپنے پوائنٹس میں اضافہ کر لیا ہے، جس کے بعد اب پاکستان کیلئے لازمی ہے کہ ایشیاء کپ میں بھارت سمیت دیگر میچز میں فتح حاصل کرے، اسی صورت میں پاکستان کی آئی سی سی رینکنگ میں نمبر 1 پوزیشن محفوظ رہے گی۔
(جاری ہے)
دوسری جانب ایشیاء کپ ٹورنامنٹ میں گروپ مرحلے میں پاکستان اور
بھارت کا میچ بارش کی نذر ہو جانے کے بعد اب ڈیڑھ ارب شائقین کرکٹ کی اتوار
10 ستمبر کو شیڈول پاک بھارت میچ پر نظر ہے۔ اتوار کو شیڈول میچ بھی بارش
سے متاثر ہونے کے خدشے کے پیش نظر دونوں ممالک کے شائقین کرکٹ تشویش اور
تجسسس میں مبتلا ہیں۔ شائقین کرکٹ مسلسل پاک بھارت میچ کے وینیو کولمبو کے
موسم کی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے۔ بی بی سی اردو ویدر پیج کے مطابق
اتوار 10 ستمبر کو کولمبو میں میچ کے اوقات کے دوران بارش کے امکانات کم ہو
گئے ہیں۔ کولمبو میں دن 2 بجے سے رات 11 بجے تک بارش کے امکانات 90 فیصد
سے کم ہو کر 37 فیصد پر آ گئے ہیں۔ دوسری جانب پاکستان کا سب سے
بڑا ڈیجیٹل میڈیا گروپ اردو پوائنٹ سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو سے اچھی
خبر سامنے لے آیا۔ اتوار 10 ستمبر کو پاک بھارت میچ کے انعقاد کا امکان
پیدا ہو گیا، کولمبو میں بارش رک گئی ہے اور کیوریٹرز نے پچ کی تیاری کا
کام شروع کردیا ہے۔ اس سے قبل
کولمبو میں موجود پاکستان کے سب سے بڑے ڈیجیٹل میڈیا گروپ اردو پوائنٹ کے
نمائندہ خصوصی اعجاز گوندل کی جانب سے سری لنکا کے محکمہ موسمیات سے رابطہ
کر کے آئندہ دنوں کیلئے کولمبو کے موسم کے حوالے سے جاننے کی کوشش کی گئی۔
سری لنکا کے مقامی محکمہ موسمیات کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ اتوار 10
ستمبر کو بھی بارش کا امکان ہے، تاہم بارش دن 2 بجے تک رک جائے گی، جبکہ
پاک بھارت میچ کا آغاز دن 3 بجے ہو گا۔ سری لنکا کے محکمہ موسمیات کے مطابق
اتوار کو دن 2 سے شام 7 بجے تک بارش نہ ہونے کا امکان ہے، جبکہ شام 7 سے 8
بجے تک ہلکی بارش کا امکان ہے۔ یعنی اگر سری لنکا کے مقامی محکمہ موسمیات
کی پیشن گوئی درست ثابت ہوئی، تو اتوار کے روز پاک بھارت میچ مکمل ہونے کے
قوی امکانات ہوں گے۔ واضح
رہے کہ کولمبو میں سپر فور مرحلے کے میچز 9 ستمبر سے شروع ہوں گے، پاکستان، سری لنکا اور بنگلادیش کی ٹیمیں آج سہ پہر کولمبو پہنچیں گی جبکہ بھارتی
ٹیم پہلے ہی سپر فور مرحلہ کھیلنے کے لیے کینڈی سے کولمبو پہنچ چکی ہے۔ یاد
رہے کہ کولمبو میں اگلے 10 روز تک بھرپور بارش کی پیشنگوئی کی گئی تھی،
اگر سپر فور مرحلے کا کوئی بھی میچ نہ ہوسکا تو پاکستان پہلی پوزیشن پر ہی
رہے گا۔ کولمبو میں تمام میچز واش آؤٹ ہونے کی صورت میں پاکستان فائنل
کیلئے کوالیفائی کر جائے گا۔ سری لنکا اور بھارت کے پوائنٹس برابر ہیں ،
میچز واش آؤٹ ہونے کی صورت میں نیٹ رن ریٹ نافذ نہیں ہو گا بلکہ پوائنٹس کی
برابری اور رن ریٹ نہ ہونے کے باعث دوسری فائنلسٹ ٹیم کا فیصلہ ٹاس پر ہو
گا۔ ایشیاء کپ کا فائنل 17 ستمبر کو کھیلا جانا ہے اور کولمبو میں اس دن
بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، اگر فائنل بھی بارش کے باعث نہ ہو سکا
تو دونوں فائنلسٹ ٹیموں کو مشترکہ فاتح قرار دیا جائے گا۔