انگلش کرکٹرجیسن روئے آئرلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریزسے دستبردار، ٹام کوہلرکیڈ مورانگلش سکواڈ میں شامل

جمعرات 21 ستمبر 2023 18:55

انگلش کرکٹرجیسن روئے آئرلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریزسے دستبردار، ٹام کوہلرکیڈ مورانگلش سکواڈ میں شامل
لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 ستمبر2023ء) انگلینڈ کے سٹار کرکٹر جیسن روئے ورلڈ کپ سکواڈ سے ڈراپ ہونے کے بعد آئرلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز سے دستبردار ہوگئے ہیں، ٹام کوہلر کیڈمور کو ان کی جگہ ون ڈے سکواڈ میں شامل کرلیا گیا۔ آئرلینڈ کے خلاف (کل) جمعہ سے شروع ہونے والی ون ڈے سیریز میں انگلینڈ کے ٹاپ کرکٹرز ورلڈ کپ سے قبل آرام کی غرض سے شرکت نہیں کر رہے۔

جیسن روئے نے آخری لمحات میں ورلڈ کپ سکواڈ سے باہر ہونے کے جھٹکے کے بعد آئرلینڈ کے خلاف انگلینڈ کی سیکنڈ سٹرنگ ٹیم کے لئے کھیلنے سے انکار کردیا ہے۔

(جاری ہے)

جیسن روئے کو گزشتہ ماہ انگلینڈ کے عارضی15 رکنی ورلڈ کپ سکواڈ میں شامل کیا گیا تھا لیکن وہ نیوزی لینڈ کے خلاف چار میچوں کی ون ڈے سیریز میں حصہ لینے کے لئے مکمل طور پر فٹ نہیں تھے، چار میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں کمر میں درد کے باعث ان کی جگہ ہیری بروک کو ٹیم میں شامل کیا گیا تھا۔

انگلینڈ نے واضح کیا ہے کہ وہ اب بھی جیسن روئے کو ٹیم میں سلیکشن کے لئے غور کریں گے لیکن ایسا لگتا ہے کہ وہ اپنی آخری بین الاقوامی اننگز کھیل چکے ہیں۔ جیسن روئے نے انگلش کائونٹی بلاسٹ اور دی ہنڈریڈ کے بجائے امریکہ میں ہونے والی ایم ایل سی اور کیریبین پریمیئر لیگ کو ترجیح دی۔
وقت اشاعت : 21/09/2023 - 18:55:16

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :