سابق بھارتی کرکٹرسری رام کی ورلڈ کپ کیلئے بنگلہ دیش ٹیم کے ٹیکنیکل کنسلٹنٹ کے طورپرواپسی

جمعرات 21 ستمبر 2023 18:55

ڈھاکہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 ستمبر2023ء) بھارت کے سابق آف سپنرسری دھرن سری رام نے آئندہ ورلڈ کپ کیلئے بنگلہ دیش ٹیم کے ٹیکنیکل کنسلٹنٹ کے طور پر واپسی کی ہے۔ سری رام27 ستمبر کو بھارت کے شہر گوہاٹی میں ٹیم کو جوائن کریں گے، بنگلہ دیش ٹیم نے میگا ایونٹ سے قبل دو وارم اپ میچوں کے لئے اپنی تیاریاں شروع کردی ہیں۔

(جاری ہے)

بی سی بی کرکٹ آپریشنز کے چیئرمین جلال یونس نے کہا کہ سری رام نے تکنیکی مشیر کے طور پر ٹیم میں شمولیت اختیار کی ہے، وہ بھارت کی تمام وکٹوں کو اچھی طرح جانتے ہیں، ہمیں ان کے تجربہ سے کافی مدد ملے گی، وہ ہمیں موسمی حالات سے ہم آہنگ ہونے کے بارے میں بھی مفید معلومات فراہم کر سکتے ہیں، ہمارے بہت کم کھلاڑی بھارت میں کھیلے ہیں، اس لئے سری رام کا ٹیم کے ساتھ ہونا ہمارے لئے کافی اہم ہوگا۔

سری رام بنگلہ دیش کرکٹ کے لئے نیا چہرہ نہیں ہیں، انہوں نے اگست 2022ء میں ٹیم میں ٹیکنیکل کنسلٹنٹ کے طور پر شمولیت اختیار کی پھر ٹی ٹونٹی ٹیم کے ہیڈ کوچ کے فرائض بھی سرانجام دیئے۔ ان کی کوچنگ میں بنگلہ دیش نے آسٹریلیا میں ہونے والے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں دو میچ جیتے جبکہ اپنے آخری گروپ میچ تک سیمی فائنل کی دوڑ میں شامل رہا۔
وقت اشاعت : 21/09/2023 - 18:55:16