سٹوڈنٹ اولمپک گیمز، جامع کراچی یونیورسٹی نےگرلز تھرو بال کا ٹائٹل جیت لیا
جمعہ 22 ستمبر 2023 17:04
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 ستمبر2023ء) ساتویں سٹوڈنٹ اولمپک گیمز میں تھروبال گرلز اینڈ بوائز کے مقابلے ختم ہوگئے ، ان مقابلوں کے آخری دن گرلز او لیولز کا ٹائٹل حبیب پبلک سکول، اے لیولز کا ایلفا کالج اور جامعات کے معارکے میں کراچی یونیورسٹی نے میدان مارلیا۔ بوائز اے لیولز میں ایم ایس بی حیدری کالج نے کامیابی حاصل کی۔تھرو بال کی تمام کیٹیگریز کے ایونٹس پاکستان سپورٹس بورڈ کراچی سینٹر میں منعقد ہوئے، تھرو بال کے مقابلوں میں گرلز کی 75 اور بوائز کی 24 ٹیموں نے شرکت کی۔جامعات کے درمیان ہونیوالے مقابلوں میں کراچی یونیورسٹی نے این ٹی اے اکیڈمی کو دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد 1-2سیٹ سے شکست دیکر چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔ فاتح ٹیم کی جانب سے انکی کپتان ملائکہ نے عمدہ کھیل پیش کیا جبکہ تنزیل معین نے عمدہ کھیل کے ذریعے جیت میں اہم کردار ادا کیا۔
(جاری ہے)
اس سے قبل کراچی یونیورسٹی نے سیمی فائنل میں بمشکل آئی او بی ایم یونیورسٹی کو1-2سیٹ سے شکست دی تھی۔ایونٹ میں آئی او بی ایم نے گرین وچ یونیورسٹی کو ایک کے مقابلے میں 2 سیٹ سے شکست دیکر تیسری پوزیشن حاصل کی۔گرلز اے لیولز میں ایلفا کالج نے سیڈر نائٹ کو سنسنی خیز مقابلے می1-2 سیٹ سے شکست دیدی۔ دونوں ٹیموں نے عمدہ کھیل پیش کیا، اس سے قبل ایلفا کالج نے سیڈر گولڈ اور سیڈر نائٹ نے حبیب گرلز سکول کو شکست دی تھی۔ تیسری پوزیشن کے میچ میں حبیب گرلز سکول نے باآسانی سیڈر کالج گولڈ کو اسٹریٹ سیٹ میں0-2 سے ہرادیا.۔گرلز او لیز کا ٹائٹل حبیب گرلز سکول کے نام رہا، فائنل میں حبیب گرلز نے ہیڈ اسٹار سکول کیخلاف ایک کے مقابلے میں دو سیٹ سے کامیابی حاصل کی۔ تیسری پوزیشن کے میچ میں دی سٹی اسکول درخشاں کیمپس نے آئی یو ایس ایس اسکول کو باآسانی0-2سیٹ سے شکست دیدی۔بوائز اے لیولز کے فائنل میں ایم ایس بی حیدری کالج نے ایڈن کالج کو شکست دیکر ٹائٹل حاصل کیا جبکہ ویلز کالج نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔