آئی سی سی نے 2023ء ورلڈ کپ کی انعامی رقم کا اعلان کر دیا

فاتح ٹیم کو 40 لاکھ امریکی ڈالرز ملیں گے، رنرز اپ 20 لاکھ امریکی ڈالر حاصل کرے گی، سیمی فائنل ہارنیوالی دونوں ٹیموں کو 8،8 لاکھ امریکی ڈالرز ملیں گے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 22 ستمبر 2023 16:38

آئی سی سی نے 2023ء ورلڈ کپ کی انعامی رقم کا اعلان کر دیا
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 22 ستمبر 2023ء ) آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2023ء کی فاتح ٹیم 19 نومبر کو احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں ٹرافی کے ساتھ ساتھ 40 لاکھ امریکی ڈالر کمائے گی۔ رنرز اپ کو 20 لاکھ امریکی ڈالر ملیں گے جبکہ سیمی فائنل میں ہارنے والی دونوں ٹیموں کو ٹوٹل 1کروڑ ڈالرز کی انعامی رقم میں سے 8،8 لاکھ امریکی ڈالرز ملیں گے۔

گروپ مرحلے میں ہر میچ کی فاتح ٹیم کو 40,000 امریکی ڈالر ملیں گے اور سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی نہ کرنے والی چھ ٹیموں کو ایک ، ایک لاکھ امریکی ڈالر کی ادائیگی ہوگی ۔

(جاری ہے)

آئی سی سی ورلڈ کپ 2023ء بھارت میں 10 ٹیموں کے ساتھ 5 اکتوبر سے 19 نومبر تک 10 مقامات پر ٹائٹل کے لیے لڑیں گے، احمد آباد کا نریندر مودی اسٹیڈیم ٹورنامنٹ کے افتتاحی اور فائنل کی میزبانی کرے گا۔

کرکٹ ورلڈ کپ راؤنڈ رابن فارمیٹ میں کھیلا جائے گا جس میں تمام ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف کل 45 لیگ میچز کھیلیں گی۔ ٹاپ چار ٹیمیں سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی، جو 15 نومبر کو ممبئی اور 16 نومبر کو کولکتہ میں ہوں گے۔ سیمی فائنل اور فائنل میں ریزرو دن ہوں گے۔                                                                                       
وقت اشاعت : 22/09/2023 - 16:38:07