پی سی بی نے عمر اکمل کے مشکوک آؤٹ پر اپیل نہ کرنے کا فیصلہ کر لیا

اتوار 15 فروری 2015 19:32

پی سی بی نے عمر اکمل کے مشکوک آؤٹ پر اپیل نہ کرنے کا فیصلہ کر لیا

ایڈیلیڈ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔15فروری۔2015ء) ورلڈ کپ ٹورنامنٹ میں پاک بھارت میچ کے دوران پاکستانی بلے باز عمر اکمل کے متنازعہ آﺅٹ پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے تھرڈ امپائر کے فیصلے کے خلاف اپیل نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا کے میدان ایڈیلیڈ میں پاک بھارت کرکٹ ٹاکرا ہوا جس میں پاکستان کو بھارت کے ہاتھوں 76 رنز سے شکست ہو گئی تھی۔

(جاری ہے)

اس میچ کے دوران پاکستانی بلے باز عمر اکمل کے آﺅٹ ہونے پر فیلڈ امپائر کی جانب سے انہیں ناٹ آﺅٹ قرار دیا گیا تھا جبکہ بھارتی کپتان ایم ایس دھونی نے فیصلے کے خلاف تھرڈ امپائر سے نظر ثانی کی اپیل کر ڈالی۔تھرڈ امپائر کی جانب سے عمر اکمل کو آﺅٹ قرار دے دیا گیا جبکہ اس فیصلے پر کمنٹیٹرز بھی حیران رہ گئے۔تازہ اطلاعات کے مطابق پی سی بی کے ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ ٹیم انتظامیہ کی جانب سے عمر اکمل کے مشکوک آﺅٹ پر آئی سی سی سے اپیل نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ پی سی بی نے موقف اختیار کیا ہے کہ تھرڈ امپائر کی جانب سے دیا گیا فیصلہ درست تھا جس کے خلاف پی سی بی نے اپیل نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔یاد رہے عمر اکمل بھارتی باﺅلر روندرا جدیجا کی گیند پر ایم ایس دھونی کے ہاتھوں بغیر کوئی سکور کیے آﺅٹ ہوئے تھے۔

وقت اشاعت : 15/02/2015 - 19:32:30

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :