ورلڈکپ میں انگلینڈ نے سکاٹ لینڈ کو 119 رنز سے ہراکر بالاخرفتح کا مزہ چکھ لیا

پیر 23 فروری 2015 11:59

ورلڈکپ میں انگلینڈ نے سکاٹ لینڈ کو 119 رنز سے ہراکر بالاخرفتح کا مزہ چکھ لیا

کرائسٹ چرچ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23فروی 2015ء)ورلڈکپ میں انگلینڈ نے سکاٹ لینڈ کو 119 رنز سے ہراکر بالاخرفتح کا مزہ چکھ لیا، انگلینڈ نے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 303 رنز بنائے، معین علی کی 107 گیندوں پر 128 رنز کی شاندار اننگز،ای این بیل کی نصف سنچری،سکاٹ لینڈ کی جانب سے جوش ڈیوی نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں،سکاٹ لینڈ کی پوری ٹیم 184 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئی،کیل کوٹزر سب سے زیادہ 71 رنز بنا کر نمایاں، سٹیون فن نے 3وکٹیں حاصل کیں، آل راوٴنڈر معین علی کو مین آف دی میچ سے نوازا گیا۔

پیر کو یہاں ہیگلے اوول گراوٴنڈ میں کھیلے گئے میچ میں اسکاٹ لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے انگلینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی جس کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے انگلینڈ نے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 303 رنز بنائے۔

(جاری ہے)

انگلش ٹیم کے اوپننگ بلے باز معین علی نے 107 گیندوں پر 128 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر اسکاٹ لینڈ کے بولروں کے پسینے چھڑا دیئے جب کہ این بیل نے 85 گیندوں میں 54 رنز بنا کر دوسرے نمایاں بیٹسمین رہے۔

دیگر کھلاڑیوں میں گیری بیلینس 10، جوئے روٹ ایک، کپتان اوئن مورگن 46، جیمز ٹیلر 17، جو بٹلر 24 اور کرس ووکس ایک رن بنا کر پویلین لوٹے۔ اسکاٹ لینڈ کی جانب سے جوش ڈیوی نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں جب کہ آئی این وارڈلا، الیسڈیئر ایونس، ماجد حق اور رشی بیرنگٹن نے ایک، ایک کھلاڑی کو آوٴٹ کیا۔جواب میں اسکاٹ لینڈ کی پوری ٹیم 184 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئی۔

اوپننگ بلے باز کیل کوٹزر سب سے زیادہ 71 رنز بنا کر نمایاں رہے جب کہ دیگر کھلاڑیوں میں کپتان پرسٹن مومسن نے 26،، میتھیوز کروس 23، ماجد حق 15 اور فریڈی کولیمن 7 رنز بنا کر آوٴٹ ہوئے۔ انگلینڈ کی جانب سے سٹیون اسمتھ نے 3، معین علی، جیمس انڈریسن اور کرس ووکس نے 2،2 جب کہ جوئے روٹ نے ایک وکٹ حاصل کی۔میچ میں بہترین کارکردگی پیش کرنے والے آل راوٴنڈر معین علی کو مین آف دی میچ سے نوازا گیا۔

وقت اشاعت : 23/02/2015 - 11:59:30