کم بیک کریں گے، مصباح الحق

پیر 23 فروری 2015 19:37

کم بیک کریں گے، مصباح الحق

بریسبین(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔23فروری۔2015ء) پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی کو امید چھوڑنے کی ضرورت نہیں، ہم کم بیک کریں گے۔ پاکستانی ٹیم کی ورلڈ کپ میں اب تک کارکردگی ناقص رہی ہے جہاں گرین شرٹس کو ہندوستان اور ویسٹ انڈیز کے خلاف اپنے دونوں میچوں میں بری طرح شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

پیر کو بریسبین میں ٹریننگ سیشن کی منسوخی کے بعد ٹیم مینیجر نوید اکرم چیمہ کی جانب سے بلائی گئی ٹیم میٹنگ کے دوران مصباح کا کہنا تھا کہ ہم اب تک بدقسمت رہے ہیں۔ ہندوستان نے ٹورنامنٹ فیورٹ جنوبی افریقہ کو شکست دی اور انگلینڈ کو بھی شکست کا سامنا کرنا پڑا حالانکہ دونوں ٹیمیں ہمارے مقابلے میں کنڈیشن سے بہتر واقفیت رکھتی تھیں۔

(جاری ہے)

مصباح نے کہا کہ ہمیں اب اپنی قسمت بدلنے کی ضرورت ہے اور ایسا کرنے کے لیے ہمیں آئندہ آنے والے میچوں میں انرجی، مثبت سوچ اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

اس موقع پر ہیڈ کوچ وقار یونس نے کہا کہ ہم اگلے دو، تین روز کے دوران اپنی خامیوں کو دور کرنے کی کوشش کریں گے اور میدان میں نئے جذبے کے ساتھ اتریں گے۔ انہوں نے ٹیم پر ہونے والی تنقید پر کہا کہ ایسا پہلے بھی ہوتا رہا ہے تاہم ہمیں وہ کرنا ہے جس کے لیے ہم یہاں آئے ہیں اور اسے اچھے انداز میں سرانجام دینا ہے۔ باؤلنگ کوچ مشتاق احمد،آل راؤنڈر اور ٹیم کے سینئر کھلاڑی شاہد آفریدی، لیگ اسپنر یاسر شاہ اور مڈل آرڈز بیٹسمین صہیب مقصود نے بھی اس موقع پر اپنی خیالات کا اظہار کیا۔ پاکستانی ٹیم کل سے برسبین میں پریکٹس کا آغاز کرے گا جبکہ قومی ٹیم یکم مارچ کو زمبابوے کے مدمقابل ہوگی۔

وقت اشاعت : 23/02/2015 - 19:37:47

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :