معین خان کو کیسنو جانے پر فوری وطن واپس بلا لیا ،نوید اکرم چیمہ چیئرمین ٹور سلیکشن کمیٹی ہونگے‘ شہر یار خان

منگل 24 فروری 2015 20:49

معین خان کو کیسنو جانے پر فوری وطن واپس بلا لیا ،نوید اکرم چیمہ چیئرمین ٹور سلیکشن کمیٹی ہونگے‘ شہر یار خان

لاہور( اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 24 فروری 2015ء) پاکستان کرکٹ بورڈ نے چیف سلیکٹر معین خان کو کسینو میں جانے کی وجہ سے فوری وطن واپس بلا لیا جبکہ ٹیم مینیجر نوید اکرم چیمہ ٹور سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین جبکہ ہیڈ کوچ وقار یونس اور کپتان مصباح الحق ممبر ہوں گے ۔ یہ بات پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہر یار خان نے گزشتہ روز چیف سلیکٹر معین خان کے معاملے پر بلائے گئے ہنگامی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

چیئرمین کرکٹ بورڈ شہر یار خان نے کہا کہ اس حوالے سے معین خان سے بھی بات ہوئی ہے اور انہوں نے بتایا کہ وہ صرف کھانا کھانے کسینو گئے تھے اور انکی اہلیہ اور ایک دوست کی اہلیہ بھی انکے ہمراہ تھیں، معین خان نے اس حوالے سے افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کہا کہ یہ معاملہ نہ صرف سینیٹ میں اٹھایا گیا ہے بلکہ ایک وزیر نے اس حوالے سے بات کی ہے جبکہ میڈیا میں بھی اس کا شوروغوغا ہے اس لئے معین خان کو فوری وطن واپس آنے کا کہہ دیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ معین خان کی عدم موجودگی میں ٹیم مینیجر نوید اکرم چیمہ چیئرمین ٹور سلیکشن کمیٹی ہوں جبکہ ہیڈ کوچ وقار یونس اور کپتان مصباح الحق رکن ہوں گے۔شہریار خان نے کہا کہ معین خان نے الزامات کی تردید کی ہے لیکن ہم نے انہیں ہدایت کی ہے کہ وہ وطن واپس آ کر اپنا موقف واضح کریں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں فیصلہ کرنا ہے کہ کیا ہم اپنی ٹیم کو دلاسہ دے رہے ہیں ،ویسٹ انڈیز کے کرس گیل نے ڈبل سنچری سکور کی ہے ، ویسٹ انڈیز کے کھلاڑیوں کو دیکھیں وہ کس طرح خوش دکھائی دیتے ہیں ۔

کرکٹ ایک گیم ہے اگر خوشی سے کھیلا جائے تو مثبت نتائج آتے ہیں اور اگر افسردگی سے کھیلیں گے تو منفی نتائج ہی آئیں گے ۔ ہمیں گیم کو انجوائے کرنا چاہیے ۔انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ معین خان کے کسینو کھانا کھانے جانے اور واپس آنے سے ٹیم پر اثر نہیں ہو گا۔برطانوی نشریاتی ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئر مین شہر یارخان نے بتایا کہ معین خان کو فوری طور پر وطن واپس بلایا جا رہا ہے اور ان کے آنے کے بعد ان سے ان کے جوا خانے میں جانے کے واقعے کے بارے میں مزید بات کی جائے گی۔شہر یار خان نے کہا کہ معین خان نے یہ تسلیم کر لیا ہے کہ وہ کسینوگئے تھے لیکن بقول وہ جوا کھیلنے نہیں بلکہ کھانا کھانے گئے تھے۔

وقت اشاعت : 24/02/2015 - 20:49:26

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :