ورلڈ کپ 2015ء : آئر لینڈ سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2وکٹوں سے کامیاب

بدھ 25 فروری 2015 16:45

ورلڈ کپ 2015ء : آئر لینڈ سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2وکٹوں سے کامیاب
برسبین(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار25۔فروری 2015ء ) ورلڈ کپ 2015ء کے16ویں میچ میں آئر لینڈ نے متحدہ عرب امارات کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2وکٹوں سے ہرا دیا ہے ۔ برسبین کرکٹ گراؤنڈ ، برسبین میں کھیلے گئے میچ میں آئرلینڈ نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور ایک موقع پر 131رنز کے مجموعی سکور پر اماراتی ٹیم کے 6کھلاڑی آؤٹ کر دیئے تاہم شائیمان انور اور امجد جاوید کے مابین 7وکٹ کے لیے 107رنز کی ریکارڈ شراکت داری نے اماراتی ٹیم کو سہارا دیا جس کے بعد متحدہ عرب امارات نے مقررہ 50اوورز میں 9وکٹوں کے نقصان پر 278رنز بنا لیے ، اماراتی ٹیم کی جانب سے شائیمان انور نے 106رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور کسی بھی ورلڈ کپ میں سنچری سکور کرنے والے پہلے اماراتی بلے باز بن گئے ، انکے علاوہ امجد علی 45،امجد جاوید 42اور خرم خان 36رنز کیساتھ نمایاں بلے بازرہے۔

(جاری ہے)

آئر لینڈ کی جانب سے سورسمین ، کوسیک ،سٹرلنگ اور کیون اوبرائن نے 2،2جبکہ ڈوکریل نے 1کھلاڑی کو آؤٹ کیا ۔ 279رنز کے ہدف کے تعاقب میں آئرش ٹیم کو قدم سے قدم سے مشکلا ت کا سامناکرنا پڑا تاہم کیون اوبرائن کی 24گیندوں پر شاندار نصف سنچری اورولسن کے 80رنز کی بدولت آئر لینڈ نے مطلوبہ ہدف 49.2اوور ز میں 8وکٹوں پر پورا کر لیا ۔ متحدہ عرب امارا ت کی جانب سے امجد جاوید نے 3،توقیر اور نوید نے 2،2اور گوروج نے 1کھلاڑی کو آؤٹ کیا ۔
وقت اشاعت : 25/02/2015 - 16:45:32