ورلڈکپ فائنل میں بھارت کی وہ چال جس میں وہ خود پھنس گیا

آسٹریلیا کے سابق کپتان رکی پونٹنگ نے کینگروز کے ہاتھوں احمد آباد میں بھارت کی شکست کی اصل وجہ بتا دی

muhammad ali محمد علی پیر 20 نومبر 2023 19:21

ورلڈکپ فائنل میں بھارت کی وہ چال جس میں وہ خود پھنس گیا
احمد آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 نومبر2023ء) ورلڈکپ فائنل میں بھارت کی وہ چال جس میں وہ خود پھنس گیا ، آسٹریلیا کے سابق کپتان رکی پونٹنگ نے کینگروز کے ہاتھوں احمد آباد میں بھارت کی شکست کی اصل وجہ بتا دی۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز بھارت کے شہر احمد آباد میں ہوئے آسٹریلیا اور بھارت کے فائنل کے حوالے سے اہم انکشاف سامنے آیا ہے۔ پورے ٹورنامنٹ میں بھارتی ٹیم جو ورلڈ کپ کے تمام میچز میں ہی مخالف ٹیموں کو بڑے ہدف دیتی نظر آئی، وہی بھارت کی ٹیم ایونٹ کے فائنل میچ میں آسٹریلیا کے خلاف 50 اوورز میں صرف 240 رنز کا ہی ہدف دے سکی، جسے دوسرے نمبر پر بیٹنگ کرتے ہوئے کینگروز نے آرام سے حاصل کر کے چھٹی بار ورلڈ کپ جیت لیا۔

اس حوالے سے ردعمل دیتے ہوئے آسٹریلیا کے سابق کپتان رکی پونٹنگ نے ورلڈ کپ کے اس فائنل میچ میں یوں آسٹریلیا کے خلاف بھارتی ٹیم کی شکست کا ذمے دار پچ کے ساتھ مبینہ چھیڑ چھاڑ کو ٹھہرایا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ورلڈکپ کے فائنل میچ میں برصغیر کی کنڈیشنز تھیں، یعنی وکٹ بیٹنگ کیلئے مشکل تھی خاص کر اسپنرز کیلئے پہلی اننگ میں کنڈیشن سازگار تھی۔

رکی پونٹنگ کے مطابق وکٹ کا انتخاب شاید بھارت کو مہنگا پڑا۔ کرکٹ ماہرین کے مطابق ورلڈکپ فائنل کیلئے احمد آباد کی پچ ایسی بنائی گئی تھی جو بظاہر بھارتی ٹیم کیلئے زیادہ سازگار تھی، تاہم آسٹریلیا کے کپتان پیٹ کمنز نے ٹاس جیتنے کے بعد پہلے باولنگ کرنے کا فیصلہ کر کے بھارت کی تمام منصوبہ بندی پر پانی پھیر دیا اور بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی اور 1 لاکھ 30 ہزار شائقین کرکٹ کی موجودگی میں بھارتی کرکٹ ٹیم کو پچھاڑ دیا اور چھٹی مرتبہ کرکٹ کی دنیا کا عالمی چیمپئن بن گیا۔

جبکہ یاد رہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) پر نیوزی لینڈ اور بھارت کے درمیان ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میچ کی پِچ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی اجازت کے بغیر تبدیل کرنے کا الزام بھی لگایا گیا تھا۔
وقت اشاعت : 20/11/2023 - 19:21:09

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :