اماراتی بلے باز عرفان سے خائف نہیں ‘امجد جاوید

منگل 3 مارچ 2015 12:45

اماراتی بلے باز عرفان سے خائف نہیں ‘امجد جاوید

نپیئر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03مارچ۔2015ء)متحد ہ عرب امارات کے آل راؤنڈر امجد جاوید نے کہا ہے کہ اماراتی بلے باز عرفان سے خائف نہیں ‘ پاکستانی ٹیم کو سمجھنا آسان کام نہیں ‘ جیتنے کیلئے بھرپور کوشش کرینگے ۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے متحدہ عرب امارات کے آل راوٴنڈر امجد جاوید نے کہاکہ ان کی ٹیم محمد عرفان سے خائف نہیں ہے۔امجد جاوید کے مطابق محمد عرفان کا انہیں کوئی خطرہ نہیں ہے۔

انہوں نے کہاکہ عرفان کو ہم دبئی کے مقامی ٹورنامنٹ میں کھیل چکے ہیں اگر آپ کسی بولر کو نہ کھیلے ہوں تو یقینا آپ کو اس کے بارے میں معلومات نہیں ہوتیں جیسا کہ ہم ڈیل سٹین کو نہیں کھیلے ہیں۔ عرفان سے ہماری ٹیم کو کوئی خطرہ نہیں اور نہ ہی ہمارے کھلاڑی ان سے خوفزدہ ہیں۔انہوں نے کہاکہ ہر شکست آپ کو بہت کچھ سکھاتی ہے ہم نے تین میچز ہارنے کے بعد اس میچ کی منصوبہ بندی کی ہے۔

(جاری ہے)

کوشش ہوگی کہ ہماری بیٹنگ ناکام نہ ہو۔متحدہ عرب امارات کی ٹیم کے نو کھلاڑی پاکستان سے تعلق رکھتے ہیں تاہم امجد جاوید امارات کی نمائندگی کرنے میں فخر محسوس کرتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ اس بات سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ ہم پاکستانی ہیں ہم متحدہ عرب امارات کی نمائندگی کر رہے ہیں اور ہم پاکستان کے خلاف کھیلتے ہوئے سو فیصد کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گے۔

امجد جاوید نے کہاکہ متحدہ عرب امارات کی ٹیم کو اسی وقت فائدہ پہنچ سکتا ہے جب اسے مستقل بڑی ٹیموں سے کھیلنے کا موقع ملتا رہے۔انہوں نے کہاکہ یہ صرف ایک بڑے ایونٹ کا معاملہ نہیں ہے بلکہ اس ورلڈ کپ کے بعد بھی امارات کی ٹیم کو بڑی ٹیموں سے کھیلنے کا موقع ملنا چاہیے۔انہوں نے کہاکہ عالمی کپ سے ایسوسی ایٹ ٹیموں کو ایکسپوڑر ضرور ملا ہے اور امید کی جاسکتی ہے کہ آئی سی سی ورلڈ کپ کے بعد بھی امارات اور دیگر ایسوسی ایٹ ٹیموں کو بڑی ٹیموں سے کھیلنے کا موقع فراہم کرے گی۔امجد اب تک کے میچوں میں امارات کی کارکردگی سے بڑی حد تک مطمئن ہیں۔سوائے بھارت کے خلاف میچ کے ہماری بیٹنگ نے آئرلینڈ اور زمبابوے کے خلاف 270 سے زائد سکور کیا اور یہ خوش آئند پہلو ہے۔

وقت اشاعت : 03/03/2015 - 12:45:22