کراٹے کے کھلاڑی کارکردگی دکھائیں تربیت کیلئے بیرون ملک بجھوائیں گے‘ ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انور

جمعرات 12 مارچ 2015 20:54

کراٹے کے کھلاڑی کارکردگی دکھائیں تربیت کیلئے بیرون ملک بجھوائیں گے‘ ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انور

لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار . 12 مارچ 2015ء ) ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عثمان انور نے کہا ہے کہ کھلاڑی محنت سے کراٹے کے میدان میں پاکستان کا نام دنیا میں روشن کریں، حکومت پنجاب اور وزیراعلیٰ شہباز شریف انہیں ہر طرح کی سہولتیں فراہم کریں گے، نوجوان کھلاڑی مہارت کا مظاہرہ کریں، ان کو بیرون ملک تربیت کے لئے بجھوائیں گے اور غیر ملکی کوچز پاکستان بلا کرکھلاڑیوں کی صلاحیتیں مزید نکھاریں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مردوں کی23 ویں اور خواتین کی 9 ویں نیشنل کراٹے چیمپیئن شپ کی افتتاحی تقریب سے مہمان خصوصی کی حیثیت سے نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس کے جمنیزیم ہال میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈی جی سپورٹس عثمان انور نے کہا کہ میں خود کراٹے کا براؤن بیلٹ ہوں، جب ہم کھیلتے تھے تواس وقت عالمی سطح پر پاکستان کی نمائندگی بہت کم تھی میں نے مکہ کلب کی جانب سے پاکستان کی نمائندگی کی، آج بچوں کو دیکھ کر خوشی ہورہی ہے خواہش ہے کہ بچے عالمی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کریں۔

(جاری ہے)

ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انور نے کہا کہ کھلاڑیوں کیلئے شوتوکان کیساتھ تائی کوانڈو کی تربیت بھی ضروری ہے اسکے ساتھ کھلاڑی فلائنگ کک پر بھی مہارت حاصل کریں، کراٹے کے کھلاڑی ایک قدم آگے بڑھائیں، میں یقین دلاتا ہوں حکومت پنجاب آپ کے ساتھ ہے اور آپ کو آپ کی توقعات سے بڑھ کر سہولتیں دیں گے۔ جو کھلاڑی کارکردگی کا مظاہرہ کریگا اسکو تربیت کیلئے بیرون ملک بجھوائیں گے، اس کے علاوہ باہر سے کوچز بلوا کر یہاں پر بھی ان کو تربیت دیں گے۔

نوجوان کھلاڑی محنت سے کراٹے کے میدان میں پاکستان کا نام دنیا میں روشن کریں۔ قبل ازیں ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انور کی پنجاب جمنیزیم آمد پر فیڈریشن کے صدور محمد جہانگیر اور عندلیب احمر نے استقبال کیا، اس موقع پر ڈی جی سپورٹس پنجاب کو گلدستہ پیش کیا گیا۔ بعد میں ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انور کا کھلاڑیوں سے تعارف کرایا گیا جس کے بعد ڈی جی سپورٹس پنجاب نے چیمپیئن شپ کا افتتاح کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کراٹے فیڈریشن کے صدر محمد جہانگیر نے کہا کہ ہم ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انور کے شکرگزار ہیں جنہوں نے چیمپیئن شپ کے انعقاد کیلئے بھرپور تعاون کیا۔کھلاڑیوں کیلئے یہ بہت بڑا اعزاز ہوتا ہے جب کوئی بڑی شخصیت ان کو نعام دیتی ہے ، ڈی جی سپورٹس عثمان انور کی آمد سے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہوئی ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت 7گولڈ میڈلز کے ساتھ ساؤتھ ایشیا کا چیمپیئن ہے، حکومت تعاون کرے تو عالمی ٹائیٹل بھی جیت سکتے ہیں، وومن کراٹے ایسوسی ایشن کی صدرعندلیب احمر نے ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انور کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ تعاون کیا، انہوں نے اعلان کیا کہ کراٹے کی کھلاڑیوں کیلئے سکالرشپ دے رہے ہیں۔

اس موقع پر فیڈریشن کے صدر سید کمال شاہ، سیکرٹری شمیم ہاشمی بھی موجود تھے۔چیمپیئن شپ میں مردوں کے کاٹا کے انفرادی مقابلے میں واپڈا کے اسرارالحق نے گولڈ، آرمی کے محمد ساجد نے سلور، پولیس کے قیصر علی اور ریلوے کے صادق علی نے برونز کے میڈلز حاصل کئے،کاٹا کے ٹیم مقابلے میں واپڈا کے اسرار الحق ، عبدالخالق، جواد نے سونے،آرمی کے محمدساجد، اختر منیر، عامر عباس نے چاندی اور ریلوے کے صادق علی، اصغر علی، شمس اللہ اور بلوچستان کے نعمان احمد، شان اور اشفاق نے کانسی کے تمغے حاصل کئے۔

خواتین کے کاٹا کے انفرادی مقابلے میں واپڈا کی شاہدہ نے گولڈ، ریلوے کی نازدانہ نے سلور اور سندھ کی ارفع فرشاد، پولیس کی مریم ناصر نے برونز کے میڈلز حاصل کئے، کاٹا کے ٹیم مقابلے میں واپڈا کی شاہدہ ،ناز گل اور نرگس نے سونے، آرمی کی ارم، گل ناز اور ایمن نے چاندی، سندھ کی ارفع، ندا، بیناز، ریلوے کی نازدانہ ، زہرہ اور شیریں گل نے کانسی کے تمغے جیتے، تقریب کے آخر میں ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انور نے کامیاب ہونیوالے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔

وقت اشاعت : 12/03/2015 - 20:54:09

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :