ورلڈ کپ 2015: انگلینڈ نے کمزور افغان ٹیم پر ہاتھ صاف کر لیے

جمعہ 13 مارچ 2015 16:21

ورلڈ کپ 2015: انگلینڈ نے کمزور افغان ٹیم پر ہاتھ صاف کر لیے
سڈنی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار13مارچ ۔2015ء ) ورلڈ کپ 2015ء کے 38ویں میچ میں انگلینڈ نے ڈک ورتھ اینڈ لوئیس میتھڈ کے ذریعے 9وکٹوں سے ہرا دیا ہے ۔ سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر افغانستان کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی ۔ افغان ٹیم نے 36.2اوورز میں 7وکٹوں پر 111رنز بنا ئے تھے جس کے بعد شدید بارش کے باعث میچ روکنا پڑا۔افغانستان کی جانب سے شفیق اللہ 30اور ناصر جمال 17رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز تھے ۔

(جاری ہے)

انگلینڈ کی جانب سے بارش سے قبل جورڈن اور بوپارہ نے 2،2جبکہ اینڈرسن ، براڈ اور ٹریڈویل نے 1،1کھلاڑی آؤٹ کیا تھا۔ میچ دوبارہ شروع ہوا تو ڈک ورتھ اینڈ لوئیس میتھڈ کے تحت انگلینڈ کو 25اوورز میں جیت کے لیے 101رنز کا ہدف دیا گیا جو اس نے 18.1اوور میں 1وکٹ پر پورا کر لیا ۔ انگلینڈ کی جانب سے این بیل 52اور جیمز ٹیلر 8رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ ایلکس ہیلز 37رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ۔ افغانستان کی جانب سے واحد وکٹ حامد حسن نے حاصل کی ۔ کرس جورڈن کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔
وقت اشاعت : 13/03/2015 - 16:21:41