فتح کے ساتھ انگلینڈ کی ورلڈ کپ مہم ختم

جمعہ 13 مارچ 2015 19:52

فتح کے ساتھ انگلینڈ کی ورلڈ کپ مہم ختم

سڈنی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔13مارچ۔2015ء)انگلینڈ نے اپنے آخری ورلڈ کپ میچ میں افغانستان کو باآسانی نو وکٹ سے شکست دے کر مایوس کن ورلڈ کپ مہم کا کامیاب نکتے پر اختتام کیا۔ بارش سے متاثرہ میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جہاں میچ کو فی اننگ 45 اوورز تک محدود کردیا گیا۔ انگلش باؤلرز کی نپی تلی باؤلنگ کے سبب کوئی بھی افغان بلے باز وکٹ پر نہ ٹھہر سکا اور وقفے وقفے سے وکٹیں گنواتے رہے۔

(جاری ہے)

افغانستان نے 37ویں اوور میں سات وکٹیں پر 111 رنز بنائے ہی تھے کہ میچ میں ایک بار پھر بارش نے مداخلت کردی اور افغان اننگ کو یہیں ختم کر کے انگلینڈ کو 25 اوورز میں 101 رنز کا نظر ثانی شدہ ہدف دیا گیا۔ افغانستان کی جانب سے شفیق اللہ 30، ناصر جمال 17 اور محمد نبی 16 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ انگلینڈ کی جانب سے کرس جورڈن اور روی بوپارہ نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں ای این بیل کی نصف سنچری کی بدولت انگلینڈ نے ایک وکٹ کے نقصان پر باآسانی ہدف تک رسائی حاصل کر لی۔ کرس جورڈن کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

وقت اشاعت : 13/03/2015 - 19:52:48