پاکستانی فیلڈرز نے بائولرز کی محنت پر پانی پھیر دیا، آسٹریلیا سیمی فائنل میں پہنچ گیا

جمعہ 20 مارچ 2015 15:45

پاکستانی فیلڈرز نے بائولرز کی محنت پر پانی پھیر دیا، آسٹریلیا سیمی فائنل میں پہنچ گیا

ایڈیلیڈ(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار 20مارچ ۔ 2015ء ) ورلڈ کپ 2015ء کے تیسرے کوارٹر فائنل میں اہم مواقع پر کیچز ڈراپ کرنے کے باعث پاکستان ٹورنامنٹ سے باہر ہوگیا ہے ۔ ایڈیلیڈ اوول میں کھیلے جارہے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت پر پہلے بیٹنگ کر تے ہوئے 49.5اوورز میں 213رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی ۔ پاکستان کا آغاز کچھ اچھا ثابت نہ ہوا اور 20کے مجموعی سکور پر2کھلاڑی آؤ ٹ ہوگئے جس کے بعد کپتان مصباح الحق اور حارث سہیل نے تیسری وکٹ کے لیے 77رنز کی شراکت داری قائم کی ۔

مصباح الحق 34رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جس کے بعد کسی کھلاڑی نے کریز پر کھڑے ہونے کی زحمت گوارا نہ کی اور پوری ٹیم 213پر پوویلین لوٹ گئی ۔ حارث سہیل 41،عمر اکمل 20،شاہد آفریدی 23،اور صہیب مقصود 29رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے ۔

(جاری ہے)

آسٹریلیا کی جانب سے ہیزل ووڈ نے 4،سٹارک اور میکسویل نے 2،2جبکہ جونسن اور فالکنر نے 1،1کھلاڑی آؤٹ کیا ۔214رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کا آغاز اچھا نہ رہا اور فنچ 2رنز بنا کر ایل بی ڈبلیو ہوگئے ۔

ڈیوڈ ووارنر بھی کچھ خاص کرنے میں ناکام رہے اور 24رنز بنا کر وہاب ریاض کا شکار بنے ۔ کپتان مائیکل کلارک وہاب ریاض کے باؤنسر بیراج کے سامنے بے بس نظر آئے اور 8رنز بنا کر چلتے بنے ۔ وہاب ریاض نے شین واٹسن کو اپنے باؤنسر کی مدد سے ہلا کر رکھ دیا تاہم 4کے انفرادی سکور پر راحت علی نے انکی گیند پر واٹسن کا سیدھا کیچ چھوڑ دیا جسکا پاکستان کو خمیازہ بھگتنا پڑا۔

سٹیو سمتھ 65رنز بنا کر ایل بی ڈبیو ہوئے تو پاکستانی کیمپ میں کچھ امیدیں جائیں تاہم اس بار سہیل خان نے وہاب ریاض کی گیند پر گلین میکسویل کا کیچ چھوڑ کر رہی سہی امیدوں پر پانی پھیر دیا ۔ آسٹریلیانے مطلوبہ ہدف 33.5اوورز میں 4وکٹوں پر پورا کر لیا ۔ شین واٹسن 64اور میکسویل 44رنز بنا کر ناٹ آؤ ٹ رہے ، پاکستان کی جانب سے وہاب ریاض نے 2جبکہ احسان عادل اور سہیل خان نے 1،1آؤٹ کیا ۔

جوش ہیزل ووڈ کو 4وکٹیں لینے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیاگیا ۔ اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کر نے کا فیصلہ کیا تھا ۔ قومی ٹیم کے کپتان مصباح الحق کا کہناتھا کہ ایڈیلیڈ کی آج کی پچ گزشتہ دو میچز کی پچز سے مختلف ہے اور انہیں اس پچ سے زیادہ ریورس سوئنگ ہونے کی امید نہیں ہے ۔قومی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے اور آئرلینڈ کے خلاف کھیلنے والی ٹیم کو ہی میدان میں اتارا گیا ہے ۔ آسٹریلوی کپتان مائیکل کلارک کا کہنا تھا کہ وہ اس پچ پر پہلے باؤلنگ کرنے پر بھی بہت خوش ہیں ، آسٹریلین ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے اور پیٹ کمننز کی جگہ ہیزل ووڈ کو ٹیم میں جگہ ملی ہے ۔

وقت اشاعت : 20/03/2015 - 15:45:57

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :