آسٹریلیا 5ویں بار کرکٹ کا عالمی چیمپئن بن گیا

اتوار 29 مارچ 2015 12:02

آسٹریلیا 5ویں بار کرکٹ کا عالمی چیمپئن بن گیا
میلبورن(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار29مارچ ۔2015ء ) آ ئی سی سی ورلڈ کپ 2015ء کے فیصلہ کن معر کے میںآسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کو 7وکٹوں سے ہرا کر 5ویں مرتبہ میگا ایونٹ اپنے نام کرلیا ہے۔ آسٹریلیا کے میلبورن کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے جا رہے میچ میں کیوی ٹیم نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا آغاز کیا تو پہلے ہی اوور میں برینڈن میککلم بغیر کوئی رن بنائے مچل اسٹارک کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔

نیوزی لینڈ کو دوسرا نقصان 33 کے مجموعی اسکور پر ہوا جب مارٹن گپٹل بھی 15 رنز بنا کر گلین میکس ویل کا شکار بنے جب کہ کین ولیمسن تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 12 رنز بنا کر مچل جانسن کی گیند پر ان ہی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ ایک موقع پر 39 رنز پر نیوزی لینڈ کی 3 وکٹیں گر چکی تھیں لیکن روس ٹیلر اور گرانٹ ایلیٹ نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کا اسکور 150 رنز پر پہنچا دیا، روس ٹیلر 40 رنز بنا کر جیمز فالکنر کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہوئے جب کہ اگلی ہی گیند پر کورے اینڈرسن بغیر کوئی رن بنائے بولڈ ہو گئے۔

(جاری ہے)

اگلے اوور میں لوک رونکی بھی مچل اسٹارک کی گیند پر سلپ میں مائیکل کلارک کو کیچ دے بیٹھے۔ نیوزی لینڈ کے ساتویں آؤٹ ہونے والے بلے باز ڈینئل ویٹوری تھے جو 9رنز بنا کر جونسن کی گیند پر بولڈ ہوگئے ، گرانٹ ایلیٹ تیز کھیلنے کی کوشش میں 83رنز بنا کر فالکنر کی گیند پر ہیڈن کو کیچ دے بیٹھے ۔ کیویز کے 9ویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی میٹ ہنری تھے جو بغیر کوئی رن بنائے پوویلین لوٹے ۔

ٹم ساؤتھی نے تیز کھیلنے کی کوشش کی تاہم وہ 11رنز بنا کر میکسویل کے ہاتھوں رن آؤٹ ہوگئے ۔ آسٹریلیا کی جانب سے مچل جونسن اور فالکنر نے 3،3جبکہ سٹار ک نے 2اور میکسویل نے 1کھلاڑی آؤٹ کیا ۔ 184رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کا آغاز زیادہ اچھا نہیں تھا اور ایرون فنچ بغیر کوئی رن بنائے بولٹ کی گیند پر انہی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے جس کے بعد سٹیو سمتھ اور ڈیوڈ وارنر نے دوسرے وکٹ کے لیے 61رنز کا اضافہ کیا ۔

وارنر 45رنز بنا کر ہنری کا شکار بنے ۔ اپنا آخری ون ڈے میچ کھیلنے والے کینگرو کپتان مائیکل کلارک نے ٹیم کی نیا پار لگانے کی ذمہ داری خود سنبھالی اور ہنری کی گیند پر بولڈ ہونے سے پہلے 10چوکوں اور 1چھکے کی مدد سے 72گیندوں پر 74 رنز بنا کر آسٹریلیا کا ٹائٹل کی جانب سفر آسان کر نے کے ساتھ ساتھ کرکٹ ورلڈ کپ اپنے نام کر نے والے فاتح کپتانوں کی فہرست میں اپنا نام بھی درج کر وا لیا ۔

سٹیو سمتھ نے 56 اور شین واٹسن نے2 رنز پر ناٹ آؤٹ رہتے ہوئے آسٹریلیاکو 5ویں بار چیمپئن بنا یا ۔ آسٹریلیا نے 184رنز کا ہدف 33.1 اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا ۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے میٹ ہنری نے 2 اور ٹرینٹ بولٹ نے 1کھلاڑی آؤٹ کیا ۔ جیمز فالکنر کو و شاندار کاکردگی کا مظاہرہ کر نے پر میچ بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جبکہ مین آف دی ٹورنامنٹ کا اعزاز آسٹریلیا کی جانب سے 22وکٹیں لینے والے مچل سٹارک نے حاصل کیا ۔2015ء ورلڈ کپ اپنے نام کرنے کے ساتھ ہی آسٹریلیا کے میگا ایونٹ ٹائٹلز کی تعداد پانچ ہوگئی ہے ، اس سے پہلے کینگروز 1987ء ، 1999،2003ء اور 2007ء میں بھی کرکٹ کے عالمی چیمپئن رہ چکے ہیں ۔
وقت اشاعت : 29/03/2015 - 12:02:57

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :