پاکستانی نژاد لیگ سپنر فواد احمد ، ایڈم ووگز ایشز سیریز کے لیے آسٹریلیوی سکواڈ میں شامل

منگل 31 مارچ 2015 12:44

پاکستانی نژاد لیگ سپنر فواد احمد ، ایڈم ووگز ایشز سیریز کے لیے آسٹریلیوی سکواڈ میں شامل
میلبورن (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار31مارچ ۔2015ء ) کرکٹ آسٹریلیا نے دورہ ویسٹ انڈیز اور ایشز سیریز کے لیے سکواڈ کا اعلان کردیا ہے ،پاکستانی نژاد آسٹریلوی لیگ سپنر فواد احمد بھی سکواڈ میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے ہیں ۔ کرکٹ آسٹریلیا کے چیف سلیکٹر روڈنی مارش نے انگلینڈ میں شیڈول ایشز 2015ء کے لیے 19رکنی سکواڈ کا اعلان کیا ۔

(جاری ہے)

شیفلڈ شیلڈ میں 24.85کی اوسط سے 48شکار کرنے والے پاکستانی نژاد آسٹریلوی لیگ سپنر فواد احمد ، فاسٹ باؤلر پیٹر سڈل اور شیفلڈ شیلڈ میں 104.46کی اوسط سے 1358رنز بنانے والے ایڈم ووگز کو ٹیسٹ سکواڈ میں جگہ دی گئی ہے جبکہ پیٹر نیول کو بریڈ ہیڈن کے متبادل کے طور پر ٹیسٹ سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے ۔

روڈ مارش کے مطابق ریان ہیرس پہلے بچے کی پیدائش کی وجہ سے دورہ ویسٹ انڈیز کے لیے کینگروز کے سکواڈ کا حصہ نہیں ہو ں گے جبکہ نوجوان فاسٹ باؤلر جیمز پیٹنسن بھی زخمی ہونے کے باعث کیریبیئن ٹور سے باہر ہوگئے ہیں اور ایشز سکواڈ میں ان کی شمولیت کا فیصلہ کرکٹ آسٹریلیا کے ڈاکٹرز کی رائے لینے کے بعد کیا جائے گا ۔
وقت اشاعت : 31/03/2015 - 12:44:45