ٹی20 ورلڈکپ،انگلینڈ نے ڈی ایل ایس میتھڈ کے تحت نمیبیا کو شکست دیدی

بارش کی وجہ سے انتہائی اہم میچ کا ٹاس تاخیر کا شکار ہوا، مسلسل بارش کی وجہ سے میچ کو 10،10 اوورز تک محدود کردیا گیا

اتوار 16 جون 2024 16:40

نارتھ سائونڈ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جون2024ء) ٹی20 ورلڈکپ کے 34 ویں میچ میں انگلینڈ نے ڈی ایل ایس میتھڈ کے تحت نمیبیا کو 41 رنز سے شکست دے دی۔نارتھ سائونڈ میں ٹی20 ورلڈکپ کے 34ویں میچ میں گروب بی کی ٹیمیں دفاعی چیمپئن انگلینڈ اور نمیبیا مدمقابل ہوئے۔بارش کی وجہ سے انتہائی اہم میچ کا ٹاس تاخیر کا شکار ہوا، مسلسل بارش کی وجہ سے میچ کو 10،10 اوورز تک محدود کردیا گیا۔

انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 10 اوورز میں 5 وکٹ پر 122 رن بنائے جس کے جواب میں نمیبیا کی ٹیم 10 وورز میں 3 وکٹ کے نقصان پر 84 رنز ہی بناسکی۔نمیبیا نے ٹاس جیت کو انگلینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، انگلش ٹیم کا آغاز اچھا نہ رہا اور صرف 13 رنز پر دونوں اوپننگ بیٹر پویلین واپس لوٹ گئے، فل سالٹ 11 اور کپتان جوز بٹلر صفر پر آئوٹ ہوئے۔

(جاری ہے)

جونی بیرسٹو اور ہیری بروکس نے ذمہ دارانہ اننگز کھیلتے ہوئے اسکور بورڈ کو آگے بڑھایا، بیرسٹو 18گیندوں پر 31 رنز بناکر آئوٹ ہوئے، معین علی نے 6 گیندوں پر 16 اور لیام لیونگ اسٹن نے 4 گیندوں پر 13 رنز بنائے، جب کہ ہیری بروکس 20 گیندوں پر 41 رنز بناکر ناٹ آٹ رہے۔

نمیبیا کی جانب سے روبین ٹرمپیلمین نے 2، ڈیوڈ ویزا اور برنارڈ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ہدف کے تعاقب میں نمیبیا کی صرف 3 وکٹیں گریں لیکن انگلش بالرز کی اچھی بائولنگ کی بدولت وہ صرف 84 رنز ہی بناسکے۔مائیکل وان لنگن اور نکولاس ڈیون نے اننگز کا آغاز کیا، مائیکل 29 گیندوں پر 33 رنز بناکر آئوٹ ہوئے، جس کے بعد ڈیوڈ ویز ا کو بیٹنگ کے لیے بھیجا گیا جو 12 گیندوں پر 27 رنز بناکر آئوٹ ہوئے، نکولاس 18 رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔انگلینڈ کی جانب سے جوفرا آرچر اور کرس جورڈن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
وقت اشاعت : 16/06/2024 - 16:40:09

متعلقہ عنوان :