ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ، پاکستانی باولرز کی شاندار کارکردگی، آئرلینڈ کی ٹیم کو معمولی سکور تک محدود کردیا

شاہین آفریدی اور عماد وسیم نے 3، 3 وکٹیں حاصل کیں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 16 جون 2024 21:14

ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ، پاکستانی باولرز کی شاندار کارکردگی، آئرلینڈ کی ٹیم کو معمولی سکور تک محدود کردیا
فلوریڈا (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 16 جون 2024ء ) آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے 36 ویں میچ میں پاکستانی ٹیم کے فاسٹ بولرز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آئرلینڈ کو 106 رنز تک محدود کردیا۔ اننگز کے پہلے اوور میں ہی شاہین شاہ آفریدی کے حصے میں دو وکٹیں آگئیں۔ 0 پر اینڈی بالبرن شاہین شاہ آفریدی کی گنید پر بولڈ ہوگئے جبکہ پہلے اوور کی 5ویں گیند پر آئرلینڈ کو 2 کے اسکور پر لورکن ٹوکر کی وکٹ کا نقصان اٹھانا پڑگیا۔

دوسرے اوور کی چوتھی گیند پر محمد عامر کے حصے میں بھی اس وقت وکٹ آئی جب تین کے سکور پر پاول اسٹرلنگ بھی اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔ آئر لینڈ کی چوتھی وکٹ 15 کے اسکور پر گری جبکہ 28 پر اسے پانچویں وکٹ کا نقصان اٹھانا پڑا، چھٹے آؤٹ ہونے والے کارٹس کیمفر تھے جو 7 رنز بنا کر حارث رؤف کی گیند پر 32 کے مجموعے پر آؤٹ ہوئے۔

(جاری ہے)

جارج ڈوکریل 11 رنز بناسکےجبکہ مارک ایڈائر نے 15 رنز بنائے، بیری مکارتھی 2 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

دسویں نمبر پر بیٹنگ کیلئے آنیوالے جوش لٹل 22 رنز اور بین وائٹ 5 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ آئر لینڈ کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں پر 106 رنز بنائے ۔ شاہین شاہ آفریدی نے 4 اوور میں 22 رنز دے کر 3 وکٹیں ، عماد وسیم نے 4 اوورز میں 8 رنزدے کر 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ محمد عامر نے 2 اور حارث رؤف نے 1 وکٹ حاصل کی۔ اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ۔

قومی ٹیم میں آج کے میچ کیلئے نسیم شاہ کی جگہ عباس آفریدی کو شامل کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ میگا ایونٹ میں امریکا، بھارت کے ہاتھوں شکست اور پھر کینیڈا کیخلاف کم مارجن سے کامیابی نے قومی ٹیم کو ایونٹ کے پہلے راؤنڈ سے باہر کردیا ہے تاہم اب رسمی طور پر پاکستان آج آئرلینڈ کیخلاف آخری گروپ میچ میں حصہ لے رہا ہے۔ پاکستان ٹیم میں بابراعظم ، فخر زمان ، حارث روف ، عماد وسیم ، محمد عباس آفریدی ، محمد رضوان ، صائم ایوب ، شاداب خان ، شاہین خان آفریدی ، عثمان خان شامل ہیں۔ آئرلینڈ کے کپتان پال سٹرلنگ کا کہنا تھا کہ آئرش ٹیم میں کریگ ینگ کی جگہ بین وائٹ کو شامل کیا گیا ، کوشش کریں گے غلطیاں نہ دھرائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم بھی ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کرتے ۔
وقت اشاعت : 16/06/2024 - 21:14:30