چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈمحسن نقوی کا عید الاضحی کی تعطیلات کے باوجود قذافی سٹیڈیم کا دورہ، اپ گریڈیشن کے کام کا جائزہ لیا

بدھ 19 جون 2024 17:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جون2024ء) چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے عید الاضحی کی تعطیلات کے باوجود قذافی سٹیڈیم کا دورہ کیا اور جاری اپ گریڈیشن کے کام کا جائزہ لیا۔چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کیلئے قذافی سٹیڈیم میں اپ گریڈیشن کا کام جاری ہے۔ محسن نقوی نے کام پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے دفاتر گرائے جانے کے کام کا معائنہ کیا اور 30 جون تک دفاتر گرانے کا کام مکمل کرنے کا ٹاسک دے دیا ۔

(جاری ہے)

محسن نقوی نے عید کی تعطیلات کے بعد مشینری اور مزدوروں کی تعداد بڑھانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کام کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے۔چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ اضافی وسائل لگا کر کام کو مقررہ وقت میں مکمل کیا جائے، ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ سے قبل قذافی سٹیڈیم کے ساتھ نیشنل بینک سٹیڈیم، کراچی اور راولپنڈی سٹیڈیم کی اپ گریڈیشن بھی مکمل کریں گے۔اس موقع پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کو ایف ڈبلیو او کے حکام نے بریفنگ دی جبکہ جنرل منیجر انفراسٹرکچر بھی اس موقع پر موجود تھے۔
وقت اشاعت : 19/06/2024 - 17:50:10