چیئرمین پی سی بی نے کوالٹی ڈومیسٹک کرکٹ کو فروغ دینے کے پلان کی اصولی منظوری دیدی،قومی ٹیم میں شمولیت کیلئے ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنا ہو گی،محسن نقوی

پیر 24 جون 2024 23:12

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جون2024ء) چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کی زیر صدارت پیر کے روز نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے بورڈ روم میں 3گھنٹے طویل اجلاس منعقد ہوا جس میں کوالٹی ڈومیسٹک کرکٹ سمیت ڈومیسٹک کرکٹ کے نظام کو فعال بنانے کا فیصلہ کیا گیا اور اس حوالے سے دیگر اہم فیصلے بھی کئے گئے۔ترجمان پی سی بی کے مطابق محسن نقوی نے کوالٹی ڈومیسٹک کرکٹ کو فروغ دینے کے پلان کی اصولی منظوری دیدی۔

محسن نقوی نے کہا کہ کوالٹی ڈومیسٹک کرکٹ کو ہر سطح پر پروموٹ کیا جائے گا اور کلب لیول سے نیشنل لیول تک تسلسل کے ساتھ ٹورنامنٹس کا انعقاد کیا جائے گا۔ چیئرمین پی سی بی نے ہدایت کی کہ اچھے کھلاڑیوں کی پروفیشنل انداز سے گرومنگ کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ بہترین کوچز نئے ٹیلنٹ کی ٹریننگ کرکے صلاحیتوں میں نکھار لائیں گے جبکہ کارکردگی، فٹنس اور میرٹ پر کھلاڑیوں کو آگے آنے کا موقع دیا جائے گا،کوالٹی ڈومیسٹک کرکٹ کے فروغ سے انٹرنیشنل کرکٹ میں آنے والے گیپ کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ڈومیسٹک کرکٹ کیلئے کوچنگ کا معیار بھی بہتر بنانے کا فیصلہ کیا گیا،ڈومیسٹک کرکٹ کے کوچز کی ٹریننگ کیلئے ماسٹر کوچ کو تعینات کیا جائے گا۔اجلاس میں ڈومیسٹک کنٹریکٹ پر بھی نظر ثانی کا فیصلہ کیا گیا،کھلاڑیوں کو قومی ٹیم میں شمولیت کیلئے ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنا ہو گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ میرٹ، کارکردگی اور فٹنس پر رتی بھر بھی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔

اجلاس میں کوالٹی ڈومیسٹک کرکٹ کے فروغ کیلئے تینوں فارمیٹ کے ٹورنامنٹس کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔محسن نقوی نے کہا کہ نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کام کرنا ہوگا، نئے ٹیلنٹ پر سرمایہ کاری سے کرکٹ کو نچلی سطح پر فروغ ملے گا اور مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔اجلاس میں بھارت، آسٹریلیا، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے ڈومیسٹک کرکٹ کے ڈھانچے کے خدوخال کا بھی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں کوالٹی ڈومیسٹک کرکٹ کے فروغ کیلئے سفارشات اور تجاویز پر غور کیا گیا۔پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر،چیف فنانشل آفیسر، سلیکشن کمیٹی کے اینالسٹ بلال افضل،ڈائریکٹرز انٹرنیشنل کرکٹ،ہائی پرفارمنس سنٹرز، ڈومیسٹک کرکٹ،پی ایس ایل، کمرشل اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔
وقت اشاعت : 24/06/2024 - 23:12:35