بنگال ٹائیگرز نے پریکٹس میچ میں ایک وکٹ سے شکست دے کر پاکستان کے لئے خطرے کی گھنٹی بجا دی

بدھ 15 اپریل 2015 19:50

بنگال ٹائیگرز نے پریکٹس میچ میں ایک وکٹ سے شکست دے کر پاکستان کے لئے خطرے کی گھنٹی بجا دی

فتح اللہ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15اپریل۔2015ء) بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیم نے پریکٹس میچ میں ایک وکٹ سے شکست دے کر پاکستان کے لئے خطرے کی گھنٹی بجا دی ۔پاکستانی کپتان اظہر علی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور محمد حفیظ کے ساتھ ٹیم کو 66رنز کی اوپننگ شراکت فراہم کی لیکن اسی اسکور پر کپتان پویلین لوٹ گئے۔اس کے بعد حفیظ نے حارث سہیل کے ساتھ دوسری وکٹ کے لیے مزید 64رنز جوڑ کر ٹیم کو مضبوط پوزیشن میں پہنچادیا لیکن وہ ہمیشہ کی طرح وکٹ پر سیٹ ہونے کے بعد 23رنز بنا کر وکٹ گنوا بیٹھے۔

پاکستان کو بڑا نقصان اس وقت پہنچا جب محمد حفیظ 145کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوئے، انہوں نے 79گیندوں پر 85رنز کی اننگ کھیلی۔اس کے بعد فواد عالم کریز پر پہنچے لیکن دوسرے اینڈ سے کوئی بھی کھلاڑی ان کا ساتھ نبھانے پر آمادہ نہ ہوا اور سب وقفے وقفے سے وکٹیں گنواتے۔

(جاری ہے)

محمد رضوان 18، سرفراز احمد 6، سعد نسیم ایک، وہاب ریاض 7، اسد شفیق 5جبکہ یاسر شاہ 9رنز بنا کر پویلین لوٹے۔

فواد نے اجمل کے ساتھ آخری وکٹ کے لیے 40رنز جوڑ کر پاکستان کا مجموعہ 268 تک پہنچایا، وہ 67رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔جواب میں بنگلہ دیش بورڈ الیون نے اننگ کا آغاز کیا تو 9 کے مجموعی اسکور پر دونوں اوپنرز پویلین لوٹ گئے۔اس موقع پر شبیر رحمان پاکستانی باؤلنگ کے سامنے دیوار بن گئے، ایک موقع پر 81رنز پر چار بنگلہ دیشی کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے لیکن شبیر نے امرالقیس کے ساتھ پانچویں وکٹ کے لیے 124رنز کی شراکت قائم کر کے پاکستان کے اوسان خطا کر دیئے ۔

اس سے قبل یہ شراکرت پاکستان کے ہاتھ سے میچ چھین لیتی، وہاب ریاض نے 36رنز بنانے والے قیس کی وکٹیں بکھیر دیں۔بنگلہ دیشی ٹیم ابھی اس نقصان سے سنبھلی بھی نہ تھی کہ جنید خان نے شبیر سمیت لگاتار 2وکٹیں لے کر بنگلہ دیشی کیمپ مین سنسنی پھیلا دی۔شبیر نے 99گیندوں پر 8 چھکوں اور 7چوکوں کی مدد سے 124رنز کی شاندار اننگ کھیلی۔اسکور 228تک پہنچا تو راحت علی نے فواد عالم کی مدد سے مختار علی کو قابو کر کے بنگلہ دیش کو آٹھواں نقصان پہنچایا۔

اس موقع پر ایسا محسوس ہوتا تھا کہ پاکستان میچ میں باآسانی فتح حاصل کر لے گا لیکن سوہاگ غازی اور ابوالحسن نے نویں وکٹ کیلئے 31رنز کی شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کو فتح کی دہلیز پر پہنچا دیا لیکن اسی مرحلے پر جید نے سوہاگ کو آؤٹ کر کے میچ کو سنسنی خیز بنا دیا۔لیکن جنید کی یہ کوشش رائیگاں گئی اور بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ الیون نے میچ میں ایک وکٹ سے فتح حاصل کر لی۔

جنید خان چار وکٹیں لے کر سب سے کامیاب بالر رہے۔شیڈول کے مطابق دونوں ٹیموں کے مابین ایک روزہ سیریز کا پہلا میچ 17اپریل کو میرپور میں ہوگا ، دوسرا اور تیسرا ایک روزہ میچ بھی میر پور میں ہی 19اور 22اپریل کو کھیلا جائے گاجبکہ سیریز کا واحد ٹی ٹونٹی 24اپریل کو میرپور میں کھیلا جائے گا،پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان 2ٹیسٹ میچز کا پہلا میچ 28اپریل کو کھلنا اور دوسرا 6مئی سے میرپور میں کھیلا جائے گا ۔

وقت اشاعت : 15/04/2015 - 19:50:49

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :