دوسرا ون ڈ ے ،بنگلہ دیش نے پہلی مرتبہ پاکستان کیخلاف سیریز اپنے نام کر لی

اتوار 19 اپریل 2015 21:03

دوسرا ون ڈ ے ،بنگلہ دیش نے پہلی مرتبہ پاکستان کیخلاف سیریز اپنے نام کر لی

میرپور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار19اپریل ۔2015ء ) دوسر ے ایک روزہ میچ میں بنگلہ دیش نے پہلی مرتبہ پاکستان کے خلاف سیریز اپنے نام کر لی ہے ۔

شیر بنگلہ سٹیڈیم ،میر پور میں کھیلے جارہے میچ میں پاکستان نے بنگلہ دیش کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کر تے ہوئے مقررہ 50اوورز میں 6وکٹوں کے نقصان پر 239رنز بنائے ۔ پاکستان کا آغاز حسب معمول اچھا نہیں تھا اور وکٹ کیپر بلے باز سرفراز احمد 7رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے ۔ پروفیسر حفیظ نے کھاتہ کھولنے کی زحمت بھی گوارا نہ کی اور عرفات سنی کی گیند پر بولڈ ہوگئے ۔

(جاری ہے)

کپتان اظہر علی نے بھی ٹیم کو بیچ منجدھار میں چھوڑا اور 60گیندوں پر 36رنز بنا کر پوویلین لوٹ گئے ۔ فواد عالم ناصر حسین کی سیدھی گیند نہ پڑھ پائے اور بغیر کوئی رن بنائے بولڈ ہوکر پوویلین لوٹ گئے ۔ نوجوان بلے باز محمد رضوان بھی آج کچھ کرنے میں ناکام رہے اور 13رن پر پوویلین لوٹ گئے ۔ اس موقع پر ایسا محسوس ہورہا تھا کہ پوری ٹیم شاید 50اوور بھی نہ کھیل پائے تاہم سعد نسیم اور حارث سہیل نے ذمہ درانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کر تے ہوئے ٹیم کا سکور آہستہ آہستہ آگے بڑھانا شروع کیا اور چھٹی وکٹ کی شراکت میں 77رنز جوڑے ۔

حارث سہیل سیٹ ہوکر وکٹ دینے کی عادت نہ چھوڑ پائے اور 44رنز بنا کر پوویلین لوٹ گئے ۔ اس موقع پر وہاب ریاض نے بھی کچھ کر نے ٹھانی اور سعد نسیم کے ساتھ مل کر بنگالی باؤلر ز پر لاٹھی چارج کر ڈالا جس کی بدولت گرین شرٹس نے مقررہ 50اوورز میں 6وکٹوں پر 239رنز بنا ڈالے ۔ وہاب ریاض 51اور سعد نسیم 77رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے ۔ بنگلہ دیش کی جانب سے شکیب الحسن نے 2اور عرفات سنی ،ناصر حسین ، روبیل حسین اور مشرفی مرتضی نے 1،1کھلاڑی کو آؤٹ کیا ۔

240رنز کے ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیش کا آغاز تیز رہا اور اس نے محض 2.4اوورز میں 22رنز بنا لیے تاہم اس موقع پر سومیا سرکار 17رنز بنا کر جنید خان کی گیند پر وکٹ کے پیچھے کیچ آؤٹ ہوگئے ۔ سومیا کے آؤٹ ہونے کے بعد ان فارم محموداللہ بلے باز کر نے آئے اور تمیم اقبال کے ساتھ سکور کو آگے بڑھانا شروع کیا ۔محموداللہ ریاض 14رنز بنا کر سعید اجمل کو جارحانہ شاٹ کھیلنے کی کوشش میں کلین بولڈ ہوگئے ۔

انٹر نیشنل کرکٹ میں واپسی کا بعد یہ سعید اجمل کا پہلا شکار تھا ۔ محمود اللہ کے بعد گزشتہ میچ کے سنچری میکر مشفیق الرحیم بلے بازی کرنے کے لیے آئے اور پاکستانی باؤلرز کے خلاف وہیں سے کھیلنا شروع کیا جہاں گزشتہ میچ میں چھوڑا تھا ۔ دونوں کھلاڑیوں نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 118رنز کا اضافہ کیا اور اس دوران تمیم اقبال نے اپنے ون ڈے کیریئر کی چھٹی اور پاکستان کے خلاف دوسری سنچری مکمل کی ۔

وکٹ کیپر بلے باز مشفیق الرحیم 65رنز بنا کر راحت علی کی گیند پر فواد عالم کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے ۔ ان کے بعد شکیب الحسن بیٹنگ کر نے کے آئے اور تمیم اقبال کے ساتھ بنگلہ دیش کو تاریخی فتح سے ہمکنار کر وا دیا ۔ تمیم اقبال 116اور شکیب الحسن6 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے ۔ پاکستا ن کی جانب سے جنید خان ، سعید اجمل اور راحت علی نے 1،1کھلاڑی کو آؤٹ کیا ۔ اس میچ کے ساتھ ہی بنگلہ دیش نے اپنی تاریخ میں پہلی مرتبہ پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریز میں کامیابی حاصل کر لی ہے ،میزبان ٹیم نے پہلا میچ 79رنز سے جیتا تھا ۔

وقت اشاعت : 19/04/2015 - 21:03:15

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :