افغانستان کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد نبی اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے

پیر 20 اپریل 2015 11:28

افغانستان کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد نبی اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے

کابل (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار20اپریل۔2015ء) افغانستان کی قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد نبی اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے ہیں۔ افغان کرکٹ بورڈ کے مطابق محمد نبی آج پریس کانفرنس میں قیادت سے الگ ہونے کا باضابطہ طور پر اعلان کریں گے ۔ محمد نبی نے کرکٹ بورڈ کو ٹیم کی حالیہ کارکردگی اور اپنی ناقص فارم پر بذریعہ خط اپنے فیصلے سے آگاہ کیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ کپتانی سے مستعفی ہوکر بطور کھلاڑی ملک وقوم کیلئے کھیلنا چاہتے ہیں، وہ نئے کپتان کے ساتھ مکمل نیک نیتی سے تعاون اور اپناتجر بے منتقل کرنے کیلئے تیار ہیں اور افغان کرکٹ بورڈ ، ساتھیوں اور شائقین کی جانب سے بھرپور حمایت پر ان کے شکر گزار ہیں۔

انہوں نے ٹوئٹر پر اپنے مستعفی ہونے کی اطلاع دی اور افغانستان کرکٹ بورڈ کو ارسال کردہ خط جاری کیا۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ وہ دو سال سے زائد عرصے تک ٹیم کے کپتان رہے اور اس دوران اپنی ٹیم اور ملک کو فتوحات دلانے کیلئے بہترین صلاحیتوں کو بروئے کا ر لائے ۔ انہوں نے کہا کہ انہیں اس بات پر کافی زیادہ فخر ہے کہ افغان ٹیم نے ان کی قیادت میں ورلڈ کپ میں حصہ لیا۔

ٹیم کی حالیہ کارکردگی اور خاص طور پر خود کے آؤٹ آف فارم ہونے کے باعث وہ اپنے آپ کو کپتانی جاری رکھنے کا اہل نہیں سمجھتے ہیں لہٰذا کرکٹ بورڈ سے درخواست کی گئی کہ وہ ان کا استعفیٰ منظور کر لیں۔ واضح رہے کہ انہیں مارچ دوہزار تیرہ میں نوروز مینگل کی برطرفی کے بعد کپتان مقرر کیاگیا تھا۔ ان کی قیادت میں اکتوبر دو ہزار تیرہ میں افغانستان نے ورلڈ کرکٹ لیگ چیمپئن شپ میں دوسری پوزیشن حاصل کی تھی۔

وقت اشاعت : 20/04/2015 - 11:28:17

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :