ویسٹ انڈین سپنر سلیمان بین انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ سے باہر

پیر 20 اپریل 2015 12:27

ویسٹ انڈین سپنر سلیمان بین انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ سے  باہر

برج ٹاؤن (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار20اپریل۔2015ء)ویسٹ انڈین کرکٹ بورڈ نے انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے لیے 14رکنی سکواڈ کا اعلان کر دیا ہے او ر پہلے ٹیسٹ میں ناقص کاکر دگی دکھانیوالے سلیمان بین کو ڈراپ کر دیا گیا ہے۔ سلیمان بین نے پہلے ٹیسٹ میں 52 اوورز میں 200 رنز کے عوض صرف دو وکٹیں حاصل کیں تھیں جس کے بعد ان کی جگہ میڈیم پیسر شینن گیبرئیل کو ٹیم میں طلب کیاگیا ہے۔

سلیمان بین کے ڈراپ کئے جانے کے بعد لیگ اسپنر دیوندرا بشو کے دوسرے ٹیسٹ میں شرکت کے امکانات روشن ہوگئے ہیں جنہیں ڈومیسٹک سیزن میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر دوبارہ ٹیسٹ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے ۔ انہوں نے اپنا آخری ٹیسٹ اپریل دوہزار بارہ میں آسٹریلیا کے خلاف کھیلا تھا۔ ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی کی طرف سے اعلان کردہ سکواڈ میں دنیشن رامدین کپتان، کریگ بریتھ ویٹ نائب کپتان، دیوندرا بشو، جرمین بلیک ووڈ، کارلوس براتھویٹ، ڈیرن براوو، شیونرائن چندرپال، شینن گیبرئیل، جیسن ہولڈر، شائی ہوپ، کیمار روچ، مارلن سیمیولز، ڈوین ا سمتھ اور جیروم ٹیلر شامل ہیں۔

(جاری ہے)

ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے درمیان تین میچوں کی سیریز کا دوسرا ٹیسٹ منگل سے شروع ہوگا۔ واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے مابین اینٹیگا میں کھیلا گیا پہلا ٹیسٹ ڈرا ہوگیا تھا۔ دوسری جانب ویسٹ انڈین ہیڈ کوچ فل سمنز کا کہنا ہے کہ پہلے ٹیسٹ کے آخری دن اچھا کھیل دیکھنے میں آیا سخت حالات میں جیسن ہولڈ ر نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا جبکہ کپتان دنیش رامدین اور کیمار روچ نے بھی اچھی بیٹنگ کی اس لئے انگلینڈ کے خلاف ڈرا ہونے والے ٹیسٹ میچ سے خوشگوار یادیں وابستہ ہیں۔

دوسرے میچ میں بھی ٹیم اپنی کارکردگی میں بہتری لاتے ہوئے عمدہ کرکٹ کھیلنے کی کوشش کرے گی۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ ان کی ٹیم ٹیسٹ سیریز جیت سکتی ہے اور وہ کامیابی کیلئے ہی میدان کا رخ کریں گے ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ جانتے ہیں کہ کس جگہ ٹیم میں بہتری کی گنجائش موجود ہے اور کامیابی کیلئے کن چیزو ں کی ضرورت پڑے گی۔

وقت اشاعت : 20/04/2015 - 12:27:46