پیرس اولمپکس: کھلاڑی میڈل سے محروم، رانا ثناء اللہ کی دریائے سین کے سیر سپاٹوں کی ویڈیو وائرل

’رانا ثناء اللہ میڈل کی تلاش میں پیرس کے دریائے سین کی جانب نکل پڑے ہیں‘ : سوشل میڈیا صارف کی طنزیہ پوسٹ

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 3 اگست 2024 12:31

پیرس اولمپکس: کھلاڑی میڈل سے محروم، رانا ثناء اللہ کی دریائے سین کے سیر سپاٹوں کی ویڈیو وائرل
پیرس (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 3 اگست 2024ء ) پیرس اولمپکس میں پاکستان کے ایتھیلیٹ بغیر میڈل باہر ہوتے جا رہے ہیں اور دوسری طرف وفاقی وزیر رانا ثناء اللہ کی دریائے سین کی سیر کی ویڈیو وائرل ہو رہی ہے۔ پیرس میں جاری اولمپکس 2024ء میں پاکستانی کھلاڑیوں کی بدترین کارکردگی کا یہ حال ہے کہ 7 میں سے پانچ ایتھیلیٹ پہلے ہی راؤنڈ میں بغیر میڈل باہر ہوگئے ہیں۔

ایسے میں ایتھلیٹس کے ہمراہ پیرس جانے والے وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ رانا ثناء اللہ کی پیرس میں فیملی کے ہمراہ کشتی میں دریائے سین کی سیر کرتے ہوئے ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جس کے بعد صارفین کی جانب سے تبصروں کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔
ایک صارف نے یہ ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے طنزیہ کیپشن لکھا کہ ’’ماشاء اللہ، رانا صاحب اولمپکس میں سوئمرز کے لیے پانی کا جائزہ لے رہے ہیں‘۔

(جاری ہے)

کچھ صارفین نے کہا کہ ’رانا ثناء اللہ میڈل کی تلاش میں پیرس کے دریائے سین کی جانب نکل پڑے ہیں‘۔ واضح رہے کہ پیرس اولمپکس میں پاکستان کے 18 رکنی دستے نے شرکت کی جس میں صرف 7 ایتھلیٹ شامل تھے بقیہ 11 آفیشلز اور وزارتی نمائندے ہیں جن میں رانا ثناء اللہ بھی شامل ہیں۔ سوئمرز مقابلوں میں احمد درانی 200 میٹر فری اسٹائل ہیٹس میں 30 سوئمرز میں سب سے آخری نمبر پر رہے جب کہ خاتون سوئمر جہاں آرا نبی کا سفر بھی 26 ویں پوزیشن کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔

شوٹنگ مقابلوں میں گلفام جوزف اور کشمالہ طلعت فائنل راؤنڈ میں جگہ نہ بنا سکے۔ سنگلز کے بعد گلفام جوزف اور کشمالہ مکسڈ ٹیم ایونٹ میں بھی ناکام رہے اور پاکستان کی 17 میں سے 14 ویں پوزیشن رہی جب کہ 25 میٹر پسٹل ریپڈ میں کشمالہ 40 میں سے 18 ویں نمبر پر رہیں۔ پاکستان کی ایک اور ایتھلیٹ فائقہ ریاض پریلمینیری راؤنڈ کی دوسری ہیٹ میں چھٹے نمبر پر رہیں۔ اب پاکستان کی امیدیں صرف جولین تھرو ماسٹر ارشد ندیم سے وابستہ ہیں جس کے مقابلے 6 اگست سے شروع ہوں گے۔
وقت اشاعت : 03/08/2024 - 12:31:31