تیسرا ون ڈے، پاکستان کا بنگلہ دیش کو جیت کے لیے 251رنز کا ہدف

بدھ 22 اپریل 2015 17:14

تیسرا ون ڈے، پاکستان کا بنگلہ دیش کو جیت کے لیے 251رنز کا ہدف

ڈھاکہ (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار22اپریل۔2015ء) تیسرے ایک روزہ میچ میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو جیتنے کے لیے 251رنز کاہدف دیدیا ہے۔ شیر بنگلہ سٹیڈیم ڈھاکہ میں کھیلے جارہے میچ میں پاکستان ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کر تے ہوئے 49اوورز میں 250رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی۔ قومی ٹیم کی نئی اوپننگ جوڑی اظہر علی اور سمیع اسلم نے ٹیم کو91رنز کا انتہائی عمدہ آغاز فراہم کیا، سمیع اسلم 45رنز بنا کر ناصر حسین کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

انکے بعد بیٹنگ کر نے کے لیے آنیولے محمد حفیظ نے ایک بار پھر قوم کو مایوس کیا اور وہ 4رنز بنا کر عرفات سنی کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ نمبر چار پر آنیوالے حارث سہیل نے کپتان کے ساتھ ملکر بنگلہ دیشی باؤلر ز کی دھلائی کرنا شروع کی اور دونوں نے تیسری وکٹ کی شراکت کے لیے 98رنز کا اضافہ کیا،اس دوران اظہر علی نے اپنے ون ڈے کیریئر کی پہلی سنچری سکور کی،وہ 101رنز بنا کر شکیب الحسن کا نشانہ بنے۔

(جاری ہے)

حارث سہیل نے 45،50رنز بنا کر آؤٹ ہونیکی روایت برقرار رکھی اور 52رنز بنانے کے بعد مشرفی مرتضی کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہوئے۔انکے آؤٹ ہونے کے بعد گرین شرٹس کے بلے بازوں نے آؤٹ ہونے کی لائن لگا دی اور ایک کے بعد ایک بلے باز اپنی وکٹ بنگلہ دیشی باؤلرز کو پکڑا کر پوویلین واپس جاتا رہا۔محمد رضوان اور فواد عالم 4،4،وہاب ریاض 7اور عمر گل بغیر کوئی رن بنائے پوویلین لوٹے،سعد نسیم نے 22رنز ساتھ کچھ مزاحمت کی لیکن انکے پوویلین لوٹتے ہی جنید خان بھی 4رنز بنا کر پوویلین لوٹ آئے اور یوں پاکستان کی پوری ٹیم 49اوورز میں 250رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

پاکستان کی جانب سے کپتان اظہر علی 101،حارث سہیل 52اور سمیع اسلم 45رنز کیساتھ نمایاں بلے باز رہے، بنگلہ دیش کی جانب سے روبیل حسین، عرفات سنی، شکیب الحسن او ر مشرفی مرتضی نے 2،2جبکہ ناصر حسین نے ایک کھلاڑی آؤٹ کیا۔

وقت اشاعت : 22/04/2015 - 17:14:06

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :