ٹی ٹونٹی ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں بھارت نے بھی افغانستان کو شکست دیکر فائنل کیلئے رسائی حاصل کر لی

بھارت نے افغانستان کو 62 رنز سے شکست دی، اندرجیت یادیو کو شاندار بلے بازی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار

جمعرات 23 اپریل 2015 21:42

ٹی ٹونٹی ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں بھارت نے بھی افغانستان کو شکست دیکر فائنل کیلئے رسائی حاصل کر لی

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 23اپریل۔2015ء ) پہلے ٹی ٹونٹی ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں بھارت نے بھی افغانستان کو شکست دیکر فائنل کے لیے رسائی حاصل کر لی ہے، بھارت نے افغانستان کو 62 رنز سے شکست دی، اندرجیت یادیو کو شاندار بلے بازی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ ایل سی سی اے گراونڈ میں کھیلے جانے والے اس میچ میں افغانستان ٹیم کے کپتان عمران نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

بھارتی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 190 رنز بنائے۔ جس میں اندر جیت یادیو کی شاندار اننگز بھی شامل تھی۔ انہوں نے 39 گیندوں پر 11 چوکوں کی مدد سے 69 رنز بنائے۔ دیگر نمایاں کھلاڑیوں میں محمد شعیب نے 33، ویپل پاٹیل نے 26، پردیپ سنگھ نے 12 اور کپتان عمران شیخ نے 10 رنز سکور کیے۔

(جاری ہے)

افغانستان کی جانب سے باولنگ میں فرمان اور عمران خان نے دو دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ ہمت، اومید اور جمال مہمند نے ایک ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا۔

191 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 18 کے سکور پر اوپر تلے دو کٹیں گرنے کے بعد افغانستان ٹیم کے کھلاڑیوں نے دفاعی حکمت عملی اپنائی جس کی وجہ سے بورڈ پر موجود بڑا ٹوٹل حاصل کرنا مشکل سے مشکل ہوتا چلا گیا۔ امید اور نقیب نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 55 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی جس سے افغان ٹیم کا سکور 73 پر پہنچ گیا اس موقع پر نقیب 22 رنز بنا کر آوٹ ہو گئے جبکہ امید جو بھارتی باولرز کا ڈٹ کر مقابلہ کر رہے تھے 41 رنز بنا کر آوٹ ہو گئے۔

انہوں نے 27 گیندوں کا سامنا کیا جس میں 7 چوکے لگائے۔ بعد میں افغانستان ٹیم کے کھلاڑی تیز کھیلنے کی کوشش میں وقفے وقفے سے پویلین لوٹ جاتے رہے۔ اجمل مہمند نے 14 اور نانک نے 13 نمایاں رنز بنائے۔ بھارت کی جانب سے باولنگ میں ویپل پاٹیل نے 11 رنز کے عوض تین، لوکیش راول نے 2 جبکہ گروبیکس سنگھ اور پرتھوی راج نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ میچ کے اختتام پر بھارتی ٹیم کے اندر جیت یادیو کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ ٹورنامنٹ میں (آج) بروز جمعہ کو دو روایتی پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں مد مقابل ہونگی۔ ایل سی سی گراونڈ میں کھیلا جانے والے یہ میچ صبح 9 بجے شروع ہوگا۔

وقت اشاعت : 23/04/2015 - 21:42:50

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :