پاکستان کرکٹ بورڈ اور انٹر بورڈز کوآرڈینیشن کمیشن کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط
جمعرات 15 اگست 2024 17:11
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اگست2024ء) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور انٹر بورڈز کوارڈینیشن کمیشن (آئی بی سی سی) کے درمیان مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کے بعدآئی بی سی سی نے اسلام آباد میں ایک مشاورتی ورکشاپ کا انعقاد کیاجس میں تعلیمی بورڈز، پی سی بی اور آئی بی سی سی کے نمائندوں نے شرکت کی تاکہ سکولوں اور کالجوں کی سطح پر ملکی کرکٹ کے فروغ کے حوالے سے گفتگو کی جا سکے۔ورکشاپ میں طلباء کو درپیش چیلنجز، جیسے جسمانی فٹنس، مالی مشکلات اور مناسب سہولیات تک رسائی کے مسائل پر غور کیا گیا۔ اس کے نتیجے میں اکتوبر 2024 میں انٹر سکول اور انٹر کالج کرکٹ ٹورنامنٹ کا آغاز کیا جائے گا۔ اس ٹورنامنٹ کے فاتحین صوبائی اور قومی سطح پر مقابلہ کریں گے اور فاتح ٹیم کو بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کا موقع ملے گا۔
(جاری ہے)
اس تعاون کے تحت طلباء کو کھیلوں کی تربیت، جسمانی فٹنس کے سیشنزاور معیاری کرکٹ گراؤنڈز تک رسائی فراہم کی جائے گی، پی سی بی تکنیکی معاونت فراہم کرے گاجبکہ تعلیمی بورڈز نوجوان ٹیلنٹ کی نشاندہی میں مدد کریں گے۔آئی بی سی سی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹرڈاکٹر غلام علی ملاح نے کہایہ شراکت داری ہماری نوجوان نسل کی حمایت کے لیے ایک بڑا قدم ہے۔ ہمیں یقین ہے کہ اس سے ہمارے کھلاڑیوں کی نہ صرف کھیل کے میدان میں بلکہ زندگی کے دیگر شعبوں میں بھی مدد ملے گی۔پی سی بی کے ڈائریکٹرعبداللہ نیازی نے کہاہم اگلی نسل کے کرکٹ سٹارز کو تلاش کرنے اور ان کی تربیت کے لیے پرعزم ہیں۔ اس اقدام کے ذریعے ہم پاکستان کرکٹ کے مضبوط مستقبل کی بنیاد رکھ رہے ہیں ۔جیسے ہی ٹورنامنٹ کا آغاز اکتوبر میں ہوگا، ہم سب کو دعوت دیتے ہیں کہ ان نوجوان کرکٹرز کی حمایت کریں جو ایک دن پاکستان کی بین الاقوامی سطح پر نمائندگی کر سکتے ہیں۔