کھلنا ٹیسٹ:بنگلہ دیش نے کھانے کے وقفے تک 8وکٹوں پر 325رنز بنا لیے

بدھ 29 اپریل 2015 11:17

کھلنا ٹیسٹ:بنگلہ دیش نے کھانے کے وقفے تک 8وکٹوں پر 325رنز بنا لیے

کھلنا(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار29اپریل۔2015ء) کھلنا ٹیسٹ کے دوسرے رو ز کھا نے کے وقفے پر بنگلہ دیش نے اپنی پہلی اننگز میں 8وکٹوں کے نقصان پر 325رنز بنا لیے ہیں۔ شیخ ابونصیر سٹیڈیم کھلنا میں کھیلے جانے والے ٹیسٹ کے دوسرے روز بنگلہ دیش نے 4وکٹوں پر 236رنز کے سکور سے دن کا آغاز کیا تو مجموعی سکور 243رنز ہونے پر شکیب الحسن 25رنز بنا کر ذوالفقار بابر کی گیند پر جارحانہ شاٹ کھیلنے کی کوشش میں اسد شفیق کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

انکے بعد اپنا ٹیسٹ کھیلنے والے سومیا سرکار بیٹنگ کرنے کے لیے آئے او ر وکٹوں کے چاروں جانب عمدہ شاٹس کھیلتے ہوئے کپتان مشفیق الرحیم کے ہمراہ چھٹی وکٹ کی شراکت میں 65رنز کا اضافہ کیا۔ سومیا سرکار 33رنز بنا کر حفیظ کی گیند پر اسد شفیق کو کیچ تھما بیٹھے۔

(جاری ہے)

کپتان مشفیق الرحیم بھی اپنے ساتھی کی جدائی برداشت نہ کر سکے اور 32رنز بنا کر یاسر شاہ کا شکار بن گئے۔

انکے بعد آنے والے تائیج الاسلام محض 1رن بنا کر یاسر شاہ کا تیسرا شکار بن گئے۔ شواگاتا ہوم اور محمد شاہد نے پاکستان کو مزید کوئی وکٹ لینے سے محروم رکھا اور بنگلہ دیش نے دوسرے دن کھانے کے وقفے تک 8وکٹوں پر 325رنز بنا لیے۔ شواگاتا ہوم 11اور محمد شاہد 6رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔ پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ نے 3،ذوالفقار بابر اور حفیظ نے 2،2اور وہاب ریاض نے 1وکٹ حاصل کر رکھی ہے۔

وقت اشاعت : 29/04/2015 - 11:17:05