کھلنا ٹیسٹ:پاکستان نے دوسرے دن کھیل کے اختتام پر 1وکٹ کھو کر 227رنز بنا لیے

بدھ 29 اپریل 2015 16:40

کھلنا ٹیسٹ:پاکستان نے دوسرے دن کھیل کے اختتام پر 1وکٹ کھو کر 227رنز بنا لیے

کھلنا(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار29اپریل۔2015ء) کھلنا ٹیسٹ کے دوسرے رو ز پاکستان نے بنگلہ دیش کی پہلی اننگز کے سکور 332 رنز کے جواب میں کھیل کے اختتام تک 1وکٹ کے نقصان پر 227رنز بنالیے ہیں۔ شیخ ابونصیر سٹیڈیم،کھلنا میں کھیلے جانے والے ٹیسٹ کے دوسرے روز بنگلہ دیش نے 4وکٹوں پر 236رنز کے سکور سے دن کا آغاز کیا تو مجموعی سکور 243رنز ہونے پر شکیب الحسن 25رنز بنا کر ذوالفقار بابر کی گیند پر جارحانہ شاٹ کھیلنے کی کوشش میں اسد شفیق کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

انکے بعد اپنا ٹیسٹ کھیلنے والے سومیا سرکار بیٹنگ کرنے کے لیے آئے او ر وکٹوں کے چاروں جانب عمدہ شاٹس کھیلتے ہوئے کپتان مشفیق الرحیم کے ہمراہ چھٹی وکٹ کی شراکت میں 65رنز کا اضافہ کیا۔ سومیا سرکار 33رنز بنا کر حفیظ کی گیند پر اسد شفیق کو کیچ تھما بیٹھے۔

(جاری ہے)

کپتان مشفیق الرحیم بھی اپنے ساتھی کی جدائی برداشت نہ کر سکے اور 32رنز بنا کر یاسر شاہ کا شکار بن گئے۔

انکے بعد آنے والے تائیج الاسلام محض 1رن بنا کر یاسر شاہ کا تیسرا شکار بن گئے۔ شواگاتا ہوم اور محمد شاہد نے پاکستان کو مزید کوئی وکٹ لینے سے محروم رکھا اور بنگلہ دیش نے دوسرے دن کھانے کے وقفے تک 8وکٹوں پر 325رنز بنا لیے۔ کھانے کے بعد جب کھیل دوبارہ شروع ہوا تو سکور میں محض 4رنز ا ضافے کے ساتھ محمد شاہد وہاب ریاض کو وکٹ تھما کر پوویلین لوٹ گئے۔

میزبان ٹیم کے آخری بلے باز روبیل حسین بھی صر ف 2رنز ہی بنا کر وہاب ریاض کا تیسرا شکار بن گئے اور پوری بنگلہ دیشی ٹیم 332رنز پر پوویلین لوٹ گئی۔ بنگلہ دیش کی جانب سے مومن الحق 80،امرالقیس 51،اور محمود اللہ 49رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔ پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ اور وہاب ریاض نے 3،3جبکہ ذوالفقار بابر اور حفیظ نے 2،2وکٹیں حاصل کیں۔

پاکستانی اوپنرز محمد حفیظ اور سمیع اسلم نے اپنی ٹیم کو عمدہ آغاز فراہم کیا اور بنگلہ دیشی باؤلرز کے تمام حربے ناکام بناتے ہوئے ٹیم کو 50رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا۔ سمیع اسلم 20رنز بنا کر تائیج الاسلام کی گیند پر مشفیق الرحیم کے ہاتھوں جکڑے گئے۔ تیسرے نمبر پر آنے والے اظہر علی نے حفیظ کے ساتھ مل کر سکور کو آگے بڑھانا شروع کیا اور اس دوران بنگلہ دیشی وکٹ کیپر مشفیق الرحیم نے ان کے دو کیچ چھوڑ ے جس کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے اظہر علی نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کی 19ویں نصف سنچری سکور کر ڈالی۔

اظہر کے ساتھ موجود محمد حفیظ نے بھی ون ڈے سیریز میں اپنی ناکامی کا غصہ بنگالی باؤلرز پر اتارتے ہوئے ٹیسٹ کیریئر کی 8ویں سنچری سکور کر ڈالی۔ مشفیق الرحیم کی جانب سے انگلی پر گیند لگنے سے باہر جانے کے بعد قائم مقام کپتان تمیم اقبال نے آٹھ باؤلر ز آزما ڈالے لیکن وہ پاکستانی بیٹنگ لائن اپ میں مزید دراڑ نہ ڈال سکے اور دوسرے دن کے کھیل کے اختتام پر پاکستان نے 1وکٹ کے نقصان پر 227رنز بنائے۔اوپنر محمد حفیظ137اور اظہر علی 65رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔ بنگلہ دیش کے واحد کامیاب باؤلر تائیج الاسلام رہے۔

وقت اشاعت : 29/04/2015 - 16:40:26

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :