کڈز اتھلیٹکس پروگرام (کل) جمعرات سے گلگت میں شروع ہوگا

بدھ 18 ستمبر 2024 18:09

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2024ء) اتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان ( اے ایف پی) نے کڈز اتھلیٹکس پروگرام (آج) جمعرات سے گلگت میں دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ گزشتہ روز اتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان کے صدر بریگیڈیئر وجاہت حسین (ریٹائرڈ) نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں رواں برس مئی میں لاہور اور کراچی سمیت ملک کے چند بڑے شہروں میں پروگرام منعقد کئے گئے تھے مگر سخت گرم موسم اور گرمیوں کی چھٹیوں کی وجہ سے پروگرام کو روک دیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

کڈز اتھلیٹکس پروگرام میں 4 سے 14 سال کے بچوں کو بنیادی تربیت دی جاتی ہے۔ تفصیلات کے مطابق کڈز اتھلیٹکس پروگرام 19 ستمبر کو گلگت میں ہو گا جس میں تمام اضلاع سے بچے حصہ لیں گے۔ اس کے علاوہ گلگت بلتستان میں مردوں اور خواتین کی میراتھن ریسز بھی منعقد ہوں گی جس میں گلگت بلتستان کے تمام اضلاع سے مردوں اورخواتین کی کثیر تعداد نے رجسٹریشن کروا رکھی ہے۔ گلگت بلتستان مردوں کی میراتھن 22 ستمبر کو گلگت میں ہوگی جبکہ خواتین کی میراتھن ہنزہ میں 24 ستمبر کو ہوگی۔
وقت اشاعت : 18/09/2024 - 18:09:06