مینز کرکٹ ورلڈ کپ لیگ ٹو ، امریکہ نے یو اے ای کو 10 وکٹوں سے شکست دے دی

بدھ 18 ستمبر 2024 20:10

ونڈہوک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2024ء) مینز کرکٹ ورلڈ کپ لیگ ٹو کے میچ میں امریکہ نے یو اے ای کو آسان مقابلے کے بعد 10 وکٹوں سے شکست دے دی، امریکہ نے یو اے ای کا 107 رنز کا ہدف بغیر کسی نقصان کے 15.5 اوورز میں ہی حاصل کرلیا، جسدیپ سنگھ کو 4 وکٹیں حاصل کرنے پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ بدھ کے روز ونڈہوک میں کھیلے گئے مینز ون ڈے کرکٹ ورلڈ کپ لیگ ٹو کے 27ویں میچ میں یونائیٹڈ عرب امارات کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 31.2 اوورز میں 106 رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی۔

(جاری ہے)

اوپنر آریانش شرما 31، راہول چوپڑا 32 اور علی نصیر 23 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹرز رہے جبکہ ان کے علاوہ دیگر کوئی بلے باز ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہو سکا۔ امریکی بائولر جسدیپ سنگھ نے پانچ اوورز میں 18 رنز دے کر 4 اہم وکٹیں حاصل کیں، ملند کمار اور سوربھ نٹراوالکر نے دو دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ امریکہ نے یو اے ای کا 106 رنز کا آسان ہدف یکطرفہ مقابلے کے بعد 15.5 اوورز میں بغیر کسی نقصان کے حاصل کرلیا، اوپننگ جوڑی اینڈریس گاس نے 54 بالوں پر 66 رنز اور سمت پٹیل نے 41 بالوں پر 38 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلیں۔ امریکی بائولرجسدیپ سنگھ کو شاندار پرفارمنس پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔
وقت اشاعت : 18/09/2024 - 20:10:11