کھلنا ٹیسٹ: پاکستان 628رنز بنا کر آؤٹ، بنگلہ دیش نے بغیر وکٹ کھوئے 6رنز بنا لیے

جمعہ 1 مئی 2015 11:16

کھلنا ٹیسٹ: پاکستان 628رنز بنا کر آؤٹ، بنگلہ دیش نے بغیر وکٹ کھوئے 6رنز بنا لیے

کھلنا(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخباریکم مئی۔2015ء) کھلنا ٹیسٹ کے چوتھے روز پاکستان کی پوری ٹیم 628رنزبنا کر آؤٹ ہوگئی ہے،گرین شرٹس نے بنگالیوں پر 296رنز کی برتری حاصل کی،کھانے کے وقفے پر بنگلہ دیش نے بغیر کوئی وکٹ کھوئے 6رنز بنا لیے۔ شیخ ابونصیر سٹیڈیم کھلنا میں جاری ٹیسٹ کے چوتھے روز اسد شفیق اور سرفراز احمد نے جارحانہ انداز سے کھیل کا آغاز کیا اور بنگالی باؤلرز کی پھرسے دھلائی شروع کر دی۔

سرفراز احمد 82رنز بنا کر محمد شاہد کا پہلا شکار بنے۔ وہاب ریاض کھاتہ کھولے بغیر تائیج الاسلام کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ اسد شفیق وکٹیں گرتی دیکھ کر جارحانہ انداز اپنانے کی کوشش میں 83رنز بنا کر شکیب الحسن کا شکار بن گئے۔ یاسر شاہ 13رنز بنانے کے بعد تائیج الاسلام کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔

(جاری ہے)

ذوالفقار بابر ایک چھکے اور ایک چوکے کی مدد سے 11رنز بنانے کے بعد تائیج الاسلام کا چھٹا شکار بن گئے اور یوں پاکستان کی پوری ٹیم 628رنز بنا کر پوویلین لوٹ گئی۔

محمد حفیظ 224جبکہ اظہر علی اور اسدشفیق 83،83رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔ بنگلہ دیش کی جانب سے تائیج الاسلام نے 6، شواگاتا ہوم نے 2جبکہ شکیب الحسن اور محمد شاہد نے ایک،ایک کھلاڑی آؤٹ کیا۔ بنگلہ دیش کی اننگز کی پہلی ہی گیند پر جنید خان نے تمیم اقبال کے خلاف ایل بی ڈبلیو کی زوردار اپیل کرڈالی لیکن امپائر کے آؤٹ نہ لینے پر پاکستان نے ریویو لیا تاہم وہ بھی ضائع گیا۔ اس کے بعد تمیم اقبال اور امر القیس نے کھانے کے وقفے تک احتیاط سے کھیلتے ہوئے پاکستان کو کوئی کامیابی حاصل کرنے سے محروم رکھا۔ تمیم اقبال 4اور امر القیس 2رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔

وقت اشاعت : 01/05/2015 - 11:16:23

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :