زمبابوے سے سیریز میں اسٹیڈیم کے اطراف کا علاقہ ہائی سیکیورٹی زون ہوگا

ہفتہ 2 مئی 2015 12:41

زمبابوے سے سیریز میں اسٹیڈیم کے اطراف کا علاقہ ہائی سیکیورٹی زون ہوگا

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 مئی۔2015ء) زمبابوین ٹیم کے دورئہ پاکستان میں قذافی سٹیڈیم کے اطراف میں ایک مربع کلو میٹر کا علاقہ ہائی سیکیورٹی زون ہوگا، رینجرز، اینٹی دہشت گردی سکواڈز اور پولیس سمیت 3حفاظتی لیئرز بنائی جائیں گی، آس پاس میں واقع دکانوں پر کاروبار کی اجازت نہیں ہوگی، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سادہ کپڑوں میں اہلکار سٹیڈیم کے اندر اور باہر ڈیوٹی دیں گے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان میں 6سال بعد انٹرنیشنل کرکٹ کے استقبال کے لیے تیاریاں اور انتظامات جاری ہیں،حکومت کی بھرپور معاونت سے تمام انتظامی امور سرانجام دیے جائیں گے، مہمان ٹیم کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ٹھہرایا جائے گا جہاں سے قذافی اسٹیڈیم چند قدم کے فاصلے پر ہے،کھلاڑیوں کی آمدورفت کے لیے اضافی انتظامات کی ضرورت نہیں پڑے گی۔

(جاری ہے)

وینیو کے اطراف میں ایک مربع کلومیٹر کا علاقہ ہائی سیکیورٹی زون قرار دیدیا جائے گا۔ وہاں رینجرز، اینٹی دہشت گردی اسکواڈز اور پولیس فورس سمیت 3حفاظتی لیئرز بنائی جائیں گی، ٹکٹوں کی فروخت کیلیے شہر میں کسی بینک کی خدمات حاصل کی جاسکتی ہیں تاکہ لمبی قطاریں نہ لگیں،میچ کے روز کچھ فاصلے پر چند کاؤنٹرز بھی قائم کیے جائیں گے،واک تھرو گیٹس لگنے کے ساتھ تمام داخلی راستوں پر کیمرے بھی نصب ہونگے، پارکنگ سٹیڈیم کے قریب نہیں بلکہ خاصے فاصلے پر موجود فیفا ہاؤس کے باہر ہوگی، تماشائیوں کی سٹیڈیم میں انٹری کیلیے صرف 3گیٹ مختص کیے جائیں گے۔

قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار نہ صرف سادہ کپڑوں میں وینیو کے اطراف میں ڈیوٹی دینگے بلکہ میچز کے دوران سٹیڈیم میں بھی موجود رہیں گے، ٹیم کی آمد اور ہر مقابلے سے قبل مسلسل وینیو کے اطراف کو ڈیٹیکٹرز اور سونگھنے والے کتوں کی مدد سے چیک کیا جاتا رہے گا۔ یاد رہے کہ زمبابوین کرکٹ ٹیم 2 ٹوئنٹی 20اور تینوں ون ڈے انٹرنیشنل میچز قذافی سٹیڈیم میں کھیلے گی۔

وقت اشاعت : 02/05/2015 - 12:41:38