پاکستان، بنگلہ دیش کا پہلا ٹیسٹ میچ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہو گیا

ہفتہ 2 مئی 2015 16:10

پاکستان، بنگلہ دیش کا پہلا ٹیسٹ میچ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہو گیا

کھلنا(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار2 مئی۔2015ء) پاکستان اور بنگلہ دیش کے مابین پہلا ٹیسٹ میچ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہو گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق شیخ ابونصیر سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں بنگلہ دیش نے آخری روز بغیر وکٹ کھوئے 273رنز پر اپنی اننگز کا آغا ز کیا اور تمیم اقبال اور امرالقیس نے سکور کو آگے بڑھانا شروع کیا۔ اس دوران دونوں بلے بازوں نے انفراد ی طور پر 150رنز مکمل کیے۔

313کے مجموعی سکور پر پاکستانی باؤلرز کی محنت رنگ لائی اور امر القیس ذوالفقار بابر کی گیند پر جارحانہ شاٹ کھیلنے کی کوشش میں اظہر علی کی جگہ فیلڈنگ کرنے کے لیے آئے ہوئے بابر اعظم کو کیچ پکڑا کر میدان بدر ہوگئے۔ بنگلہ دیش کا مجموعی سکور 315رنز ہوا تو اچانک بارش شروع ہونے کے باعث امپائرز نے میچ روک دیا اور بارش نہ رکنے کے بعد امپائرز نے کھانے کا وقفہ بھی جلدی کرنے کا اعلان کر دیا۔

(جاری ہے)

کھانے کے وقفے کے بعد تمیم اور مومن الحق نے ایک بار پھر پاکستانی باؤلرز کی دھلائی شروع کی،345کے مجموعی سکور پر مومن الحق 21رنز پر جنید خان کا شکار بن گئے۔ تمیم اقبال نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کی پہلی ڈبل سنچری سکو ر کی۔ وہ 206رنز بنا کر محمد حفیظ کی گیند پر سرفراز احمد کے ہاتھوں سٹمپ آؤٹ ہوئے۔ محمود اللہ ریاض اور شکیب الحسن نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 64رنز جوڑے۔

محمو د اللہ 40رنز بنا کر جنید خان کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ کپتان مشفیق الرحیم کو کھاتہ کھولنے کی مہلت بھی نہ ملی اور وہ بغیرکوئی رن بنائے محمد حفیظ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ سومیا سرکار اور شکیب الحسن نے چھٹی وکٹ کے لیے 60رنز کی شراکت داری قائم کی۔ سومیا سرکار 33رنز بناکر اسد شفیق کا پہلا ٹیسٹ شکار بنے۔ بنگلہ دیش کا سکور جب 6وکٹو ں پر 555رنز ہوا تو دونوں کپتانوں کی رضامندی سے امپائروں نے میچ جلدی ختم کرنیکا اعلان کر دیا۔

شکیب الحسن 76اور شواگاتاہوم 20رنز کیساتھ کریز پر موجود تھے۔ جنید خان اور محمد حفیظ نے 2،2جبکہ ذوالفقار بابر اور اسد شفیق نے 1،1کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔تمیم اقبال کو شاندار ڈبل سنچری سکو ر کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ یاد رہے کہ بنگلہ دیش نے اپنی پہلی اننگز میں 332رنز بنائے تھے جس کے جوا ب میں پاکستان نے 628رنز سکور کیے تھے۔ دونوں ٹیموں کے مابین سیریز کا دوسرا اور آخری ٹیسٹ 6مئی کو ڈھاکہ میں کھیلا جائے گا۔

وقت اشاعت : 02/05/2015 - 16:10:25

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :