کھلنا ٹیسٹ میں وہاب ریاض اور شکیب الحسن کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ

Fahad Shabbir فہد شبیر ہفتہ 2 مئی 2015 21:07

کھلنا ٹیسٹ میں وہاب ریاض اور شکیب الحسن کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ

کھلنا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔2مئی۔2015ء) یوں تو پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان کھیلا جانے والا پہلا ٹیسٹ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہوگیا جس میں بیٹسمینوں کا راج رہا لیکن میچ کے آخری روز پاکستانی فاسٹ باؤلر وہاب ریاض اور بنگلہ دیشی بیٹسمین شکیب الحسن کے درمیان تلخ کلامی نے پرسکون اور بورنگ میچ میں کچھ دلچسپی پیدا کردی۔ کھلنا ٹیسٹ کے آخری روز دو ایسے واقعات ہوئے جس نے بور ٹیسٹ میچ میں کچھ دلچسپی پیدا کردی حالانکہ بے جان وکٹ پر کھیلا گیا یہ ٹیسٹ ڈرا ہوگیا۔

پہلا واقعہ کچھ زیادہ بڑا نہیں تھا، ہوا کچھ یوں کہ حفیظ کی بال پر بنگلہ دیشی بیٹسمین سومیا سرکار نے شارٹ کھیلا اور رنز لینے کے لیے دوڑے جبکہ اظہر علی گیند کو فیلڈ کرنے کے لیے دوڑے اور دونوں کھلاڑی آپس میں ٹکرا گئے جس پر اظہر علی نے سومیا کو غصے میں کہا کہ آپ جان بوجھ کر درمیان میں آئے اور ساتھ ہی امپائر سے شکایت بھی کردی تاہم امپائر نے معاملہ رفع دفع کردیا۔

(جاری ہے)

ابھی یہ معاملہ ٹھنڈا ہوئے کچھ ہی دیر ہوئی تھی کہ اچانک شکیب الحسن نے وہاب ریاض سے کہہ دیا کہ آپ جان بوجھ کر وکٹ کے ڈینجر ایریا میں آکر وکٹ خراب کر رہے ہیں جس پر وہاب ریاض نے غصے میں ان پرکچھ کہا جس پر دونوں کھلاڑی طیش میں آکرایک دوسرے کے قریب آگئے اور سخت اور تند وتیز جملوں کا تبادلہ شروع کردیا۔دونوں کھلاڑیوں نے یہیں بس نہیں کیا بلکہ انہوں نے ایک دوسرے پر انگلیاں تان لیں اس دوران مصباح الحق اور امپائر دونوں کھلاڑیوں کے درمیان آگئے اور معاملے کو ٹھنڈا کیا۔

وقت اشاعت : 02/05/2015 - 21:07:13