بابر اعظم نے پاکستان کرکٹ ٹیم کی کپتانی سے استعفٰی دے دیا

قومی کرکٹ ٹیم کی کپتانی میرے لیے باعث فخر تھی، اب اپنی بیٹنگ پر توجہ دینا چاہتا ہوں، سابق کپتان کا پیغام

muhammad ali محمد علی بدھ 2 اکتوبر 2024 00:01

بابر اعظم نے پاکستان کرکٹ ٹیم کی کپتانی سے استعفٰی دے دیا
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ یکم اکتوبر 2024ء ) بابر اعظم نے پاکستان کرکٹ ٹیم کی کپتانی سے استعفٰی دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کے وائٹ بال فارمیٹ کے کپتان بابر اعظم نے کپتانی سے مستعفی ہونے کا اعلان کر دیا۔

سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں بابر اعظم نے کہا کہ میں نے پاکستان ٹیم کی کپتانی سے مستعفیٰ ہونے کا فیصلہ کیاہے۔

قومی کرکٹ ٹیم کی کپتانی میرے لیے باعث فخر تھی، اب اپنی بیٹنگ پر توجہ دینا چاہتا ہوں۔  بطور کھلاڑی کردار ادا کرنے پر توجہ دینا اور فیملی کے ساتھ وقت گزارنا چاہتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اب تک جو حاصل کیا اس پر فخر محسوس کرتاہوں،بطور کھلاڑی اپنی ذمہ داری پوری کرنے کے لیے تیار ہوں۔ واضح رہے کہ بابر اعظم گزشتہ برس بھارت میں ہونے والے ایک روزہ کرکٹ ورلڈکپ کے بعد کپتانی سے مستعفی ہو گئے تھے۔

(جاری ہے)

ان کی جگہ ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی کپتانی شاہین آفریدی جبکہ ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی شان مسعود کو سونپی گئی۔ تاہم رواں برس ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سے قبل بابر اعظم کو دوبارہ پاکستان کی وائٹ بال فارمیٹ کی ٹیموں کا کپتان بنا دیا گیا تھا۔ پاکستان کو اگلے ماہ آسٹریلیا کا دورہ کرنا ہے جہاں قومی کرکٹ ٹیم ایک روزہ میچز کی سیریز کھیلے گی۔ اس سیریز سے قبل ہی بابر اعظم نے کپتانی سے مستعفی ہونے کا اعلان کر دیا۔
وقت اشاعت : 02/10/2024 - 00:01:34