ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ، ویسٹ انڈیز نے بنگلہ دیش کو 8 شکست دیدی

جمعرات 10 اکتوبر 2024 22:00

شارجہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اکتوبر2024ء) آئی سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے میچ میں ویسٹ انڈیز نے بنگلہ دیش کو آسان مقابلے کے بعد 8 وکٹوں سے شکست دے دی، ویسٹ انڈین ویمنز ٹیم نے بنگلہ دیش کا 104 رنز کا ہدف 12.5 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، کرشمہ کو شاندار پرفارمنس پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ جمعرات کو شارجہ کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے 13ویں میچ میں بنگلہ دیش نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 103 رنز بنائے، کپتان نگار سلطانہ نے 39، دلارا رانی نے 19، سوبھنا موستارے نے 16 اور ریتو مونی نے 10 رنز کی اننگز کھیلی۔

ویسٹ انڈین بائولر کرشمہ نے 17 رنز دے کر 4 اہم وکٹیں حاصل کیں، آفے فلیچر نے2 اور ہیلی میتھیوز نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔

(جاری ہے)

ویسٹ انڈین ویمنز کرکٹ ٹیم نے بنگلہ دیش کا 104 رنز کا آسان ہدف 12.5 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر یکطرفہ مقابلے کے بعد حاصل کرلیا۔ کپتان ہیلی میتھیوز نے 34، سٹیفانے ٹیلر نے 27 اور شیمانے کیمبل نے 21 رنز بنائے جبکہ دیندرا ڈوٹن 19 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہیں۔ اس فتح کے بعد ویسٹ انڈین ٹیم ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ گروپ بی کے پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست آگئی ہے جبکہ بنگلہ دیشی ٹیم چوتھے نمبر پر چلی گئی ہے۔
وقت اشاعت : 10/10/2024 - 22:00:07