میر پور ٹیسٹ، پاکستان نے بنگلہ دیش کو 328رنز سے ہرا کر سیریز اپنے نام کر لی

ہفتہ 9 مئی 2015 13:15

میر پور ٹیسٹ، پاکستان نے بنگلہ دیش کو 328رنز سے ہرا کر سیریز اپنے نام کر لی

میرپور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار9مئی۔2015ء) دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو 328 رنز سے شکست دیکر دو ٹیسٹ میچز کی سیریز 1-0 سے اپنے نام کر لی ہے ، ٹیسٹ کے چوتھے روز بنگلہ دیش نے ایک وکٹ کے نقصان پر 63 رنز سے دوسری اننگز دوبارہ شروع کی تو تمیم اقبال اور مومن الحق نے سکور میں مزید 23 رنز کا اضافہ کیا ۔ اس موقع پر عمران خان نے تمیم اقبال کو 42 رنز پر وکٹوں کے پیچھے کیچ کروا کے پاکستان کو اہم وکٹ دلوائی ۔

تمیم اقبال اس پوری سیریز کے دوران شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے رہے۔ انھوں نے کھلنا ٹیسٹ میں بھی ڈبل سنچری بنا کر بنگلہ دیش کو میچ برابر کرنے میں مدد دی تھی ۔ عمران خان نے ہی دو رنز بنانے والے محمود اللہ کو یونس خان کے ہاتھوں کیچ کروا کے بنگلہ دیش کی مشکلات بڑھا دیں ۔

(جاری ہے)

پہلی اننگز میں جارحانہ بلے بازی کرنے والے شکیب الحسن 13 رنز ہی بنا سکے اور حفیظ کی گیند پر وہاب ریاض کے ہاتھوں کیچ ہوگئے ۔

کپتان مشفق الرحیم بغیر کوئی رن بنائے یاسر شاہ کی دوسری وکٹ بنے ۔ پاکستان کو چھٹی کامیابی کھانے کے وقفے کے بعد فوراً ملی جب وہاب ریاض نے سومیا سرکار کی وکٹ لی ۔ اسد شفیق نے یاسر شاہ کی گیند پرنصف سنچری بنانے والے مومن الحق کا عمدہ کیچ لے کر بنگلہ دیش کی امیدوں پر پانی پھیر دیا ۔ تایج الاسلام دس رنز بنا کر یاسر شاہ کا چوتھا شکار بنے ، مہمان ٹیم کے آخری آوٹ ہونے والے کھلاڑی شواگاتا ہوم تھے جو 39 رنز بنا کر جنید خان کی گیند پر بولڈ ہوءے ، پاکستان کی جانب سے دوسری اننگز میں یاسر شاہ چار وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب بولر رہے ، عمران خان نے دو جبکہ وہاب ریاض ،جنید خان اور محمد حفیظ نے ایک ایک وکٹ لی ۔

اس سے قبل تیسرے دن پاکستان کی جانب سے 550 رنز کا ہدف ملنے کے بعد بنگلہ دیش نے کھیل ختم ہونے تک ایک وکٹ کے نقصان پر 63 رنز بنائے تھے ۔ پاکستان نے اس میچ میں بنگلہ دیش کو پہلی اننگز میں 203 رنز پر آؤٹ کرنے کے باوجود فالو آن نہ کروانے کا فیصلہ کیا تھا اور دوسری اننگز چھ وکٹوں کے نقصان پر 195 رنز بنا کر ڈیکلیئر کر دی تھی ۔ یہ اس میچ میں لگاتار دوسرا موقع تھا کہ پاکستان نے اننگز ڈیکلیئر کی ۔ پہلی اننگز میں بھی پاکستان نے آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 557 رنز بنانے کے بعد بنگلہ دیش کو بلے بازی کے لیے کہا تھا ۔ اس فتح کے ساتھ پاکستان نے ٹیسٹ رینکنگ میں اپنی تیسری پوزیشن بھی بچا لی ہے ۔ اظہر علی کو میچ اور سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ،

وقت اشاعت : 09/05/2015 - 13:15:47

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :