لاہور، 27 گولڈ میڈلز جیتنے والے پاکستان کے لیجنڈ ایتھلیٹ انتقال کرگئے

1970 میں 76 سالہ محمد یونس کا بنایا 1500 میٹر دوڑ کا ریکارڈ آج تک کوئی پاکستانی نہیں توڑ سکا، 3000 اور 5000 میٹر دوڑ میں انکے بنائے ریکارڈز آج بھی برقرار ہیں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 30 اکتوبر 2024 13:55

لاہور، 27 گولڈ میڈلز جیتنے والے پاکستان کے لیجنڈ ایتھلیٹ انتقال کرگئے
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 30 اکتوبر 2024ء ) ایتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان کا کہنا ہے کہ پاکستان کیلئے انٹرنیشنل مقابلوں میں 27 گولڈ میڈلز جیتنے والے لیجنڈ ایتھلیٹ، اعزازی کیپٹن محمد یونس 76 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔ ایتھلیٹکس فیڈریشن کے مطابق ملک محمد یونس کا شمار 800 اور 1500 میٹر کی دوڑ کے ٹاپ ایتھلیٹس میں کیا جاتا ہے۔ محمد یونس نے نے 1974ء میں ایران میں ہونے والے ایشین گیمز میں 1500 میٹر دوڑ کا گولڈ میڈل جیتا، 1970ء اور 1978ء کے ایشین گیمز میں ملک محمد یونس نے پاکستان کیلئے سلور میڈلز جیتے۔

(جاری ہے)

ایتھلیٹکس فیڈریشن کے مطابق 1973ء میں ہونے والی ایشین ٹریک اینڈ فیلڈ چیمپئن شپ میں بھی محمد یونس نے پاکستان کیلئے ایک گولڈ اور ایک سلور میڈل جیتاتھا۔ ایتھلیٹکس فیڈریشن کے مطابق 70 کی دہائی میں محمد یونس کے بنائے ہوئے متعدد قومی ریکارڈز آج تک برقرار ہیں۔ 1970ء میں ان کا بنایا ہوا 1500 میٹر دوڑ کا ریکارڈ کوئی پاکستانی آج تک نہ توڑ سکا ہے جب کہ 3000 اور 5000 میٹر دوڑ میں بھی ان کے ریکارڈز آج بھی برقرار ہیں۔ ایتھلیٹکس فیڈریشن کے مطابق میں 1979 ایک حادثے کے بعد ان کا ایتھلیٹکس کا کیریئر اچانک اختتام پذیر ہوگیا تھا، 1991ء میں محمد یونس کو حکومت پاکستان کی جانب سے پرائیڈ آف پرفارمنس کا ایوارڈ دیا گیا تھا۔
وقت اشاعت : 30/10/2024 - 13:55:00