ملک میں ساف کراس کنٹری اتھلیٹکس چیمپئن شپ سے ٹیلنٹ کو فروغ حاصل ہوگا، برگیڈیئر سلطان محمود ستی

منگل 5 نومبر 2024 13:11

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 نومبر2024ء) چیئرمین آرگنائزنگ کمیٹی، ساف کراس کنٹری اتھلیٹکس چیمپئن شپ، برگیڈیئر ریٹائرڈ سلطان محمود ستی نے کہا ہے کہ ملک میں ساف کراس کنٹری اتھلیٹکس چیمپئن شپ سے اتھلیٹکس کے نئے ٹیلنٹ کو فروغ حاصل ہوگا۔ ساف کراس کنٹری اتھلیٹکس چیمپئن شپ 24 نومبر کو اسلام آباد میں ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز آرگنائزنگ کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر اتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان کے سیکرٹری جنرل کرنل ریٹائرڈ شاہ جہاں میر اور اسلام آباد اتھلیٹکس ایسوسی ایشن کے صدر محمد عمران خان بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہمارے لئے بڑے فخر اور اعزاز کی بات ہے کہ ساف کراس کنٹری اتھلیٹکس چیمپئن شپ پاکستان میں پہلی بار منعقد ہو رہی ہے۔

(جاری ہے)

جس میں سات ملکوں کے کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں جن میں میزبان پاکستان کے علاوہ نیپال، سری لنکا، بھوٹان، بھارت، بنگلہ دیش اور مالدیپ کے کھلاڑی شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پوری اتھلیٹکس فیملی سائوتھ ایشیائ اتھلیٹکس کے چیئرمین و نائب صدر ایشیائ اتھلیٹکس میجر جنرل محمد اکرم ساہی (ریٹائرڈ) کے شکر گزار ہیں کہ جن کی بھرپور کاوشوں اور کوششوں کے باعث اتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان کو پہلی بار ساف کراس کنٹری اتھلیٹکس چیمپئن شپ منعقد کروانے کا اعزاز ملا۔ برگیڈیئر سلطان ستی نے مزید بتایا کہ چیمپئن شپ کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں سلطان محمود ستی نے کہا کہ ارشد ندیم کا پیرس اولمپک گیمز میں طلائی تمغہ حاصل کرنا بھی پاکستان اور ملک و قوم کے لئے بہت بڑے اعزاز کی بات تھی اس میں بھی سائوتھ ایشیاء اتھلیٹکس کے چیئرمین و نائب صدر ایشیاء اتھلیٹکس میجر جنرل محمد اکرم ساہی (ریٹائرڈ) کی دن رات بھرپور کاوشوں اور کوششوں کو نہیں بھلایا نہیں جا سکتا کہ انہوں نے ارشد ندیم کو ہر طرح کی تربیت کے لئے سہولیات فراہم کیں۔ چین، جنوبی افریقہ اور ہنگری جیسے ملکوں بھی ٹریننگ کے لئے بھیجا۔
وقت اشاعت : 05/11/2024 - 13:11:27