کھیلوں کے ذریعے ہی دنیا میں امن و امان کا مثبت پیغام جاتا ہے، صباء شمیم جدون

جمعرات 7 نومبر 2024 19:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 نومبر2024ء) پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن (ویمنز ونگ) کی صدر صباء شمیم جدون نے کہا ہے کہ دنیا میں کھیلیں امن و امان اور بھائی چارے کا درس دیتی ہیں اور ان کھیلوں کے ذریعے ہی ممکن دنیا میں مثبت پیغام جاتا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بارسلونا، سپین میں یو این گیمز کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کھیلوں کے حوالے سے ایک پر امن ملک ہے اور پاکستانی قوم غیرملکی کھلاڑیوں سے بے پناہ محبت کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑی امن کے سفیر کا درجہ اور ملک و قوم کا سرمایہ ہوتے ہیں، ان کی کھیل کے ہر میدان میں حوصلہ افزائی کرنا بہت ضروری ہے۔ معذور کھلاڑیوں کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں صباء شمیم جدون نے کہا کہ معذور افراد بھی دیگر افراد کی طرح معاشرے کا حصہ ہوتے ہیں اور ان کو بھی کھیلوں کے زیادہ سے زیادہ کھیلنے کے لئے مواقع فراہم کرنے چاہئیں تاکہ وہ بھی کسی کمتری کا شکار نہ ہو سکیں اور ان کی بھی دیگر کھلاڑیوں کی طرح کھیل کے میدان میں حوصلہ افزائی کرنی چاہئے، سپانسرز اور پرائیویٹ سیکٹرز کو بھی کرکٹ کی طرح دوسرے کھیلوں پر توجہ دینی چاہئے تاکہ دنیا میں دوسرے کھیل میں ترقی کر سکیں۔

(جاری ہے)

پاکستان میں کھیلوں کی ترقی کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستانی اتھلیٹ ارشد ندیم نے رواں سال فرانس میں کھیلی گئی پیرس اولمپک گیمز 2024ء میں طلائی تمغہ جیت کر دنیا کو بتا دیا کہ پاکستانی کھلاڑی کسی سے کم نہیں بلکہ بین الاقوامی سطح ملک و قوم کا نام روشن کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں اور پاکستان نے ہاکی اور سکواش کے میدانوں میں کئی دہائیوں تک دنیا پر حکمرانی کر رکھی تھی اور اس کے علاوہ عالمی سطح پر کرکٹ، کبڈی اور سنوکر کے میدانوں میں بھی گولڈ میڈلز حاصل کر رکھے ہیں۔
وقت اشاعت : 07/11/2024 - 19:50:20