پاکستانی گالفر احمد بیگ کی انٹرنیشنل مقابلوں میں نمایاں کارکردگی کا سلسلہ جاری

تائیوان میں اے ڈی ٹی ایمبیسڈر اوپن میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پانچویں پوزیشن حاصل کرلی

اتوار 10 نومبر 2024 11:15

تائپی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 نومبر2024ء) پاکستانی گالفر احمد بیگ کی انٹرنیشنل مقابلوں میں نمایاں کارکردگی کا سلسلہ جاری ہے۔پاکستان کے ابھرتے ہوئے گالفر احمد بیگ نے تائیوان میں ہونے والے اے ڈی ٹی ایمبیسڈر اوپن میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پانچویں پوزیشن حاصل کرلی۔ احمد نے ہسن فینگ گالف کنٹری کلب میں 4راؤنڈز میں مجموعی طور پر 2 انڈر پار کا اسکور کیا۔

ٹورنامنٹ کے پہلے راؤنڈ میں احمد نے ایک اوور پار 73 کا اسکور بنایا اور دوسرے راؤنڈ میں بھی یہی اسکور برقرار رکھا۔

(جاری ہے)

تیسرے راؤنڈ میں انہوں نے 7 برڈیز کے ساتھ 4 انڈر پار کھیلتے ہوئے شاندار واپسی کی، جبکہ چوتھے راؤنڈ میں پار-72 کا اسکور کیا۔ آخری راؤنڈ کی خاص بات نویں ہول پر احمد بیگ کا ایگل تھا، جو انہوں نے 2 انڈر پار کے ساتھ حاصل کیا۔ تاہم پہلے اور دوسرے راؤنڈ کے چھٹے ہول پر ڈبل بوگی نے ان کی کارکردگی کو متاثر کیا اور ممکنہ ٹاپ تھری میں جگہ بنانے سے محروم رکھا۔

ٹورنامنٹ کے دوران احمد نے مجموعی طور پر 17 برڈیز کیں، انہوں نے کل 39 ہولز پر پارز اسکور کیا جبکہ 13 پر بوگیز اسکور کیے۔ تھائی لینڈ کے وچایا پات سنسرنگ نے 5 انڈر پار کے ساتھ ٹائٹل اپنے نام کیا وہ احمد بیگ سے 3 اسٹروک آگے رہے۔
وقت اشاعت : 10/11/2024 - 11:15:06

متعلقہ عنوان :