کھیلتا پنجاب گیمز 2024کے ضلعی سطح کے مقابلوں میں پوزیشن حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں تقسیم انعامات کی تقریب کا انعقاد

جمعرات 14 نومبر 2024 23:02

ساہیوال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 نومبر2024ء) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر کھیلتا پنجاب گیمز 2024کے ضلعی سطح کے مقابلوں میں پوزیشن حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں تقسیم انعامات کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ ممبر قومی اسمبلی پیر سید عمران احمد شاہ اور ڈپٹی کمشنر ساہیوال صائمہ علی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس یاسر فرید، اسسٹنٹ کمشنر ساہیوال رانا اورنگزیب، اے سی ایچ آر نعمان قیصر، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر مہر عامر رشید، کبڈی ٹیم کے کپتان شفیق چشتی سمیت کھلاڑیوں کی بڑی تعداد بھی اس موقع پر موجود تھی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ممبر قومی اسمبلی پیر سید عمران احمد شاہ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کا کھیلتا پنجاب گیمز کا مقصد کھیلوں کو نچلی سطح پرنوجوان نسل میں فروغ دینا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو ایسی سرگرمیوں میں شامل کرنا وقت کی ضرورت ہے تاکہ وہ ملک کی ترقی و خوشحالی میں اپنا اہم کردار ادا کرسکیں۔ انہوں نے کہاکہ جب کھیلوں کے میدان آباد ہونگے تو بچوں کو کئی دوسری غیر ضروری سرگرمیوں سے بچایا جا سکے گا۔

اپنے خطاب میں ڈپٹی کمشنر صائمہ علی نے کہا کہ کھیلتا پنجاب گیمز حکومت کا انتہائی اہم اقدام ہے جو 14روز جاری رہا جس میں بچوں کو بھرپور شرکت کا موقع دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ کھیلوں کے فروغ کے لئے ایسی سرگرمیوں کا آئندہ بھی سلسلہ جاری رہنا چاہیے۔ انہوں نے کھیلوں کے فروغ کے لئے اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ بعد ازاں ممبر قومی اسمبلی پیر سیدعمران احمد شاہ، ڈپٹی کمشنر صائمہ علی اور سیاسی رہنما عائشہ نوید لودھی نے جیتنے والے کھلاڑیوں کو مبارک باد بھی پیش کی۔ تقریب کے اختتام پر جیتنے والی اور رنر اپ ٹیموں میں کیش پرائز، میڈلز اور ٹرافی تقسیم کی گئیں۔\378
وقت اشاعت : 14/11/2024 - 23:02:12