اینڈریو سٹراس انگلش کرکٹ کو مذاق بنانے جا رہے ہیں ،گریم سمتھ

بدھ 13 مئی 2015 12:48

اینڈریو سٹراس انگلش کرکٹ کو مذاق بنانے جا رہے ہیں ،گریم سمتھ

لندن (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار13مئی۔2015ء) کاؤنٹی کرکٹ میں سرے کی جانب سے ٹرپل سنچری سکور کرنے والے بیٹسمین کیون پیٹرسن چاہتے ہیں کہ انہیں انگلش ٹیم میں ان کی کھوئی ہوئی جگہ دوبارہ دی جائے ،ان کا خیال ہے کہ وہ بہترین کارکردگی کی بنیاد پر اس جگہ کے مستحق ہیں لیکن انگلش کرکٹ کے نئے ڈائریکٹر اینڈریو سٹراس نے واضح پیغام دے دیا ہے کہ فی الحال انہیں انگلش ٹیم میں جگہ نہیں مل سکتی۔

سابق جنوبی افریقی کپتان گریم سمتھ نے صاف لفظوں میں کہا ہے کہ اینڈریو سٹرا س ایک بار پھر انگلش کرکٹ کو مذاق بنانے جا رہے ہیں۔ سٹراس کی جانب سے کیون پیٹرسن کیخلاف بیان کے بعد گریم سمتھ کا کہنا تھا کہ وہ ایک بار پھر یہ دیکھ رہے ہیں کہ ’’ہیڈ بوائے ‘‘انگلش کرکٹ کو مذاق کا نشانہ بنا کر چھوڑیں گے ۔

(جاری ہے)

کیون پیٹرسن کے ساتھ سرے میں کھیلنے والے سابق سری لنکن کپتان کمار سنگاکارا کا بھی کڑی تنقید کرتے ہوئے کہنا تھا کہ سٹراس کی جانب سے کیون پیٹرسن کو مختصر فارمیٹ کی کرکٹ کیلئے مشیر کے عہدے کی پیشکش بھی مضحکہ خیز کہی جا سکتی ہے کیونکہ وہ کیون پیٹرسن کو انگلینڈ کی جانب سے کھیلنے کیلئے قابل بھروسہ نہیں سمجھتے لیکن وہ مشیر کے عہدے کیلئے ان پر بھروسہ کرنے کو تیار ہیں۔

کیون پیٹرسن کے ساتھ ہمپشائر میں کھیلنے والے سابق آسٹریلین لیگ سپنر شین وارن بھی حیران ہیں کہ اینڈریو سٹراس کے بقول پیٹرسن انگلینڈ کیلئے نہیں کھیل سکتے مگر انگلینڈ کی مدد کیلئے انہیں مشیر کے عہدے کی پیشکش کرتے ہوئے کیا وہ واقعی سنجیدہ ہیں۔ شین وارن کا کہنا تھا کہ اگر سٹراس عوامی سطح پر قبولیت کے ساتھ چاہتے تھے کہ لوگ انگلینڈ کی حمایت کریں تو انہیں یہ کہنا چاہئے تھا کہ وہ کیون پیٹرسن کو ایک بار پھر ٹیم میں واپس لانا چاہتے ہیں۔

فرسٹ کلاس کیریئر کی سب سے بڑی اننگز تخلیق کرنے والے کیون پیٹرسن کا کہنا ہے کہ انہیں ان کا حق دیا جائے ۔

وقت اشاعت : 13/05/2015 - 12:48:30

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :